ایج نے انڈونیشیا کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کا گولہ بارود فراہم کرنے کا معاہدہ کیا

ابوظہبی، 14 مئی، 2024 (وام)-- دنیا کے معروف جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی گروپوں میں سے ایک ایج (EDGE) نے انڈونیشیا کے سرکاری ملکیتی انٹرپرائز اور ایشیا کے معروف دفاعی مینوفیکچررز میں سے ایک پی ٹی پنداد کو گولہ بارود کی پیداواری لائن کی فراہمی کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (9 کروڑ 90 لاکھ درہم) مالیت کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے کے تحت 5.56x 45 ملی میٹر اور 7.62x 51 ملی میٹر کیلیبر کا گولہ بارود تیار کیا جائے گا۔ رواں ہفتے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران انڈونیشیا کے نو منتخب صدر اور وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) پرابوو سوبیانتو کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی اور خود مختار مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے انڈونیشیا کی وزارت دفاع کے مقاصد سے ہم آہنگ، اس فیکٹری سے 2026 میں گولہ بارود کی پیدوار شروع ہوگی۔

انڈونیشیا کے نو منتخب صدر کا دورہ اور معاہدہ جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت 2030 تک دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔