دبئی، 16 مئی، 2024 (وام) - گلوبل پرامپٹ انجینئرنگ چیمپیئن شپ، جو دنیا کا سب سے بڑا اے آئی پرامپٹ چیلنج ہے، 20 سے 21 مئی تک امارات ٹاورز اور متحف المستقبل میں منعقد ہوگا۔ اس کی سرپرستی ولی عہد دبئی، دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن (DFF) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مكتوم کی زیر نگرانی ہو گی۔
DFF کی نگرانی میں دبئی سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے اعلان کیا ہے کہ چیمپیئن شپ کے حتمی مرحلے میں تینوں مرکزی زمروں: آرٹ، ادب اور کوڈنگ میں 30 شرکاء شامل ہوں گے۔ ان شرکاء کا انتخاب تقریباً 100 ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں داخل ہونے والوں میں سے کیا گیا ہے اور وہ ایک ملین درہم کے مجموعی انعامی فنڈ کے لیے مقابلہ کریں گے۔
گلوبل پرامپٹ انجینئرنگ چیمپیئن شپ کے ججوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ آرٹ کیٹیگری میں، ان میں آرٹ دبئی سے بینیڈیٹا گیون، دبئی کلچر سے سعید خرباش اور مائیکروسافٹ سے مازن ابو نجم شامل ہوں گے۔
ادب کیٹیگری میں ججز مصطفیٰ الروي (انٹرنیشنل میڈیا انویسٹمنٹس (IMI)، احلام البولوقی (امارات لٹریچر فاؤنڈیشن)، اور رمیش چندر (گوگل) ہیں۔
کوڈنگ کیٹیگری کے جج اشرف خان (IBM)، عبدالرحمن المحمود (متحدہ عرب امارات مصنوعی ذہانت کا دفتر)، اور احمد السید (گوگل) ہیں۔
دبئی سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر، سعید الفلاسي نے کہاکہ، "دبئی میں اس عالمی چیمپیئن شپ کی میزبانی جنیریٹو اے آئی میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کی پرورش کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ مقابلہ انہیں اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کو دکھانے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ گلوبل پرامپٹ انجینئرنگ چیمپیئن شپ نے دنیا بھر سے ہزاروں کی تعداد میں داخل ہونے والوں کے ساتھ، 100 سے زائد ممالک سے نمایاں عالمی دلچسپی حاصل کی ہے، جو مینوفیکچرنگ اور سائنس سے لے کر آرٹ اور ثقافت تک مختلف شعبوں میں اے آئی کے وسیع اثر کو اجاگر کرتا ہے۔"
چیمپیئن شپ کے پہلے دن شرکاء ہر زمرے میں چار راؤنڈ میں مقابلہ کریں گے۔ انہیں رفتار، معیار، جدت، تخلیقی صلاحیت اور ان کے مواد کی درستگی کی بنیاد پر پرکھا جائے گا۔ ہر زمرے سے تینوں بہترین چیلنجرز حتمی مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گے، جو دوسرے دن ہوگا، جہاں وہ ایک ملین درہم کے مجموعی انعامی فنڈ کے لیے مقابلہ کریں گے۔