ابوظہبی، 16 مئی، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے غزہ کے 1ہزار زخمی فلسطینی بچوں اورکینسر کے 1ہزار مریضوں کے علاج معاملے کی ہدایت کے تحت زخمی فلسطینی بچوں اور کینسر کے مریضوں کا 17 واں گروپ متحدہ عرب امارات پہنچ گیا۔
مصر کے العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے سے زخمی بچوں اور کینسر کے مریضوں کے اس گروپ کو لے کر طیارہ زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔جنہیں طبی امداد کی فوری ضرورت ہے۔بچوں اور کینسر کے مریضوں کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
لینڈنگ کے بعد، طبی ٹیموں نے زخمیوں اور فوری نگہداشت کی ضرورت والے مریضوں کو علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا، جب کہ دیگر مریضوں اور ان کے ہمراہ آںے والے رشتہ داروں کو ایمریٹس ہیومینٹیرین سٹی میں ان کے لئے مخصوص رہائش گاہ پر لے جایا گیا۔
ملک کی دانشمندانہ قیادت کی ہدایات کے تحت متحدہ عرب امارات کے ہسپتالوں میں غزہ کے زخمیوں اور کینسر کے مریضوں کو صحت کی اعلی ترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی طرف سے مختلف سطحوں پر برادر فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کوششوں میں اضافے کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا حصے ہے۔
متحدہ عرب امارات غزہ میں انسانی مصائب کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کو علاج اور صحت کی خدمات کی فراہمی کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
دانشمند قیادت نے اس صورتحال میں غزہ کی پٹی میں شعبہ صحت کی تباہی کے بعد ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس مقصد کے لیے، متحدہ عرب امارات نے غزہ کے اندر فیلڈ اسپتال اور مصرکے شہر عریش میں ایک فلوٹنگ اسپتال قائم کیا ہے، اس کے علاوہ غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کو ایمبولینس، سازوسامان، ادویات اور طبی سامان فراہم کرنے کے علاوہ 2ہزار زخمیوں اور کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے بحران کے آغاز سے ہی غزہ کی پٹی کو فوری انسانی امداد فراہم کی ہے۔ یہ اقدامات متحدہ عرب امارات کی ان کوششوں کا تسلسل ہیں جن کا مقصد بگڑتے ہوئے انسانی بحران کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں شہریوں کی تکالیف کو تیز اور مربوط رفتار سے کم کرتے ہوئے بحران کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے کام کرنا ہے۔