دبئی، 16 مئی، 2024 (وام) ۔۔ نائب صدر،وزیراعظم اوردبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بحرین کے شہر منامہ میں عرب لیگ کے 33ویں سربراہ اجلاس کے موقع پرکویت کے وزیر اعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح سے ملاقات کی،اس موقع پرنائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصوربن زاید النہیان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں عزت مآب رہنماوں نے صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اورکویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی زیر قیادت دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تاریخی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شیخ محمد نےکویت کے علاقائی اور عالمی سطح پرجاری کردار،جی سی سی کی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے اور جی سی سی اور عرب خطے میں استحکام اور خوشحالی کو مزید فروغ دینے کے لیے اس کے عزم کو سراہا۔
عزت مآب رہنماوں نے قریبی رابطوں کے ذریعے متنوع شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھولنے کی اہمیت پرزوردیا۔انہوں نے اقتصادی ترقی سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک میں نجی شعبے کو بااختیاربنانے کی ضرورت کو بھی اجاگرکیا۔
ملاقات میں مشرق وسطی میں موجودہ کشیدگی اورعلاقائی و عالمی سلامتی پراس کے اثرات سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امورپربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے پائیدار امن اور سلامتی کی بنیاد پر اور خطے کے عوام کے مفادات کے لیے مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں وزیرخارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان،دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین، دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین اورامارات ایئرلائن کے گروپ چیئرمین اورچیف ایگزیکٹوعزت مآب شیخ احمد بن سعید المکتوم،کابینہ امورکے وزیرمحمد بن عبداللہ القرقاوی،وزیرمملکت خلیفہ شاہین المرر اور بحرین میں متحدہ عرب امارات کے سفیر فهد محمد سالم بن كردوس العامری شریک تھے۔
کویت کے وزیر برائے خزانہ،اقتصادی امور و سرمایہ کاری ڈاکٹر انور اے المضف ،وزیر خارجہ عبداللہ علی الیحیی اور کئی اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔