عبداللہ بن زاید کی غزہ کے لئے اقوام متحدہ کی سینئر انسانی اور تعمیر نو کی کوآرڈینیٹر سے ملاقات

ابوظہبی، 23 مئی، 2024 (وام) – وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے آج ابوظہبی میں غزہ کے لئے اقوام متحدہ کی سینئر انسانی اور تعمیر نو کوآرڈینیٹر سگرڈ کاگ سے ملاقات کی۔

فریقین نے مشرق وسطیٰ میں پیش رفت، غزہ کی پٹی میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کے طریقہ کار اور پٹی میں شہریوں کو پائیدار مدد فراہم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات فلسطینی عوام کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور زمینی، سمندری اور فضائی امداد کی پیش کش کر رہا ہے۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کرنے اور غزہ کی پٹی میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ اور سیگرڈ کاگ کی کوششوں کے لئے متحدہ عرب امارات کی حمایت کا اعادہ کیا۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے موجودہ خطرناک حالات انسانی ہمدردی کو بڑھانے کی کوششوں کو کمزور کرتے ہیں، انہوں نے انتہا پسندی، کشیدگی اور بڑھتے ہوئے تشدد کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی برادری کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پائیدار جنگ بندی اور غزہ کی پٹی میں شہریوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد پہنچانے کے لیے محفوظ اور پائیدار ذرائع کے قیام پر زور دیا۔

اجلاس میں معاون وزیر خارجہ برائے سیاسی امور لانا ذکی نصیبہ نے بھی شرکت کی۔