ایمریٹس کا تزئین و آرائش شدہ بوئنگ 777 کے لیے پہلی منزل کے طور پر جنیوا، ٹوکیو اور برسلز کا انتخاب

دبئی، یکم جولائی، 2024 (وام) – ایمریٹس نے آج اپنے نیٹ ورک کے ان اولین شہروں کا اعلان کیا ہے جہاں اس کے جدید ترین بوئنگ 777 کیبن انٹیریئرز کے ساتھ خدمات پیش کی جائیں گی۔ مسافروں کو اب جنیوا، ٹوکیو ہنیڈا اور برسلز کے لیے پروازوں میں ایمریٹس کے منفرد پریمیم اکانومی اور نئی نسل کی بزنس کلاس سیٹوں کے تجربے کا موقع ملے گا۔

ایمیریٹس ایئر لائن کے نائب صدر اور چیف کمرشل آفیسر، عدنان کاظم نے کہا کہ “ہماری جدید ترین بوئنگ 777 طیاروں کی آمد کے ساتھ، مسافروں کو نہ صرف ہماری معیاری پریمیم اکانومی کی سہولت مزید شہروں میں میسر ہوگی بلکہ چاروں کیبن کلاسز میں نشستوں کے انتخاب کے بھی زیادہ مواقع ملیں گے۔”

ایمیریٹس کی جدید ترین سہولیات سے آراستہ بوئنگ 777 طیارے 11 اگست سے جنیوا (EK 83/84)، یکم ستمبر سے ٹوکیو ہنیڈا (EK 312/313)، اور 11 ستمبر سے برسلز (EK 183/184) کے مسافرین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ایمرٹس کے ریٹروفٹ پروگرام کے تحت کل 81 بوئنگ 777 طیاروں کی تزئین و آرائش کا منصوبہ ہے، اور آنے والے مہینوں میں ان جدید ترین سہولیات سے لیس طیاروں کی پروازوں کے لیے مزید منازل کا اعلان کیا جائے گا۔

ایمیریٹس فی الحال اپنے جدید پریمیم اکانومی کیبن سے لیس اے380 طیارے نیویارک JFK، لاس اینجلس، سان فرانسسکو، ہیوسٹن، لندن ہیتھرو، سڈنی، آکلینڈ، کرائسٹ چرچ، میلبورن، سنگاپور، ممبئی، بنگلور، ساؤ پالو، ٹوکیو ناریتا، اوساکا اور دبئی کے لیے چلا رہی ہے۔

ایئر لائن کا مقصد فروری 2025 تک 36 سے زائد شہروں کو پریمیم اکانومی کے ساتھ خدمات فراہم کرنا ہے۔