ابوظہبی، 8 جولائی، 2024 (وام) -- ابوظہبی کے ولی عہد اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور 'اماراتی فیملی گروتھ پروگرام' کی منظوری دی ہے۔ جو کمیونٹی کی ترقی کے محکمہ کے زیر انتظام ابوظہبی خاندانی بہبود کی حکمت عملی کاحصہ ہے۔
اس پروگرام کا مقصد امارات میں معاشی اور سماجی ترقی کے بنیادی محرک کے طور پر اماراتی خاندان کی نشو ونما اور اسے مستحکم بنانا ہے، جس میں ایسے اقدامات کا نفاذ ہے جو سماجی نظام کو مضبوط اور نوجوانوں کو مستحکم خاندانوں کی تعمیر کے لیے بااختیار بنائیں گے، اس کے علاوہ یہ پروگرام اماراتی نوجوانوں کو شادی کرنے اور بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کا ایک فریم ورک فراہم کرے گا، اس طرح خاندانی استحکام اور کمیونٹی کی ہم آہنگی اور انضمام کو تقویت ملے گی۔
اجلاس کے دوران، ولی عہد نے معاشی اور سماجی ترقی میں اماراتی خاندان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے قیادت کے عزم پر زور دیا۔
ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل نے عوامی اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے شہریوں اور رہائشیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔
شیخ خالد نے جامع اور پائیدار ترقی کے حصول میں ان شراکتوں کی اہمیت پر بھی بات کی، جس کا مقصد سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور امارات میں ایک کامیاب کاروباری ماحول کو فروغ دینا ہے۔