اماراتی بینکاری شعبے کی منتقلی جنوری تا اپریل 2024ء 6 ٹریلین درہم سے تجاوز کر گئی

ابوظہبی، 15 جولائی، 2024 (وام) - متحدہ عرب امارات کی مرکزی بینک کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات کے بینکاری شعبے میں یو اے ای فنڈز ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے منتقل کی جانے والی رقوم کی مالیت 2024 کے پہلے چار مہینوں میں تقریباً 6.12 ٹریلین درہم تک پہنچ گئی ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ بینک آپریشنز کے اعداد و شمار کے مطابق نظام کے ذریعے منتقل کی جانے والی رقوم کی مالیت میں سال بہ سال 20 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ جنوری تا اپریل 2023 میں منتقل کی گئی رقوم کی مالیت تقریباً 5.1 ٹریلین درہم تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق، پہلے چار مہینوں کے دوران منتقل کی جانے والی رقوم میں 3.84 ٹریلین درہم بین البینک ٹرانسفر اور 2.28 ٹریلین درہم بینک صارفین کے درمیان کی گئیں ہیں۔

امیج چیک کلیئرنگ سسٹم کے ذریعے کلیئر کیے گئے چیکوں کی مالیت کل 7.32 ملین چیکوں کے ساتھ 421.74 بلین درہم تک پہنچ گئی، جس میں جنوری میں 109.47 بلین درہم مالیت کے 1.96 ملین چیک، فروری میں 106.74 بلین درہم مالیت کے 1.837 ملین چیک، مارچ میں 112.62 بلین درہم مالیت کے 1.855 ملین چیک، اور اپریل میں 92.9 بلین درہم مالیت کے 1.66 ملین چیک شامل ہیں۔

اس دوران، جنوری 2024 میں مرکزی بینک میں نقد جمع کروانے کی مالیت 58 بلین درہم سے تجاوز کر گئی، جبکہ نقد رقم کی واپسی کی مالیت تقریباً 69 بلین درہم تک پہنچ گئی ہے۔

‘یو اے ای فنڈز ٹرانسفر سسٹم’ مرکزی بینک کی جانب سے اگست 2001 سے تیار کردہ مرکزی ٹرانسفر نظام ہے، جو اس میں شریک اداروں کے درمیان فوری طور پر رقم کی منتقلی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔