مصدر کی اسپین میں 1.7 ارب یورو کی قابل تجدید توانائی کی سرمایہ کاری

میڈرڈ، 25 جولائی، 2024 (وام) --ایک معروف قابل تجدید توانائی کمپنی مصدر نے اسپین میں 2.5 گیگا واٹ شمسی اور بیٹری اسٹوریج اثاثے حاصل کرنے کے لیے اینیل گروپ کی ذیلی کمپنی اینڈیسا کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

اس معاہدہ کے تحت مصدر کی جانب سے 817 ملین یورو کی سرمایہ کاری شامل ہے تاکہ 49.99 فیصد حصص حاصل کیے جا سکیں۔ پورٹ فولیو میں 2 گیگا واٹ کی مجموعی صلاحیت کے ساتھ 48 فعال شمسی پلانٹس شامل ہیں جو شراکت دار منصوبوں میں 0.5 گیگا واٹ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (BESS) شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ شراکت داری مصدر کے پر عزم ترقیاتی منصوبوں میں ایک اہم قدم ہے جو اسپین اور یورپی یونین کو اپنے صفر اخراج کے اہداف کو پورا کرنے میں مدد دے گی۔

اس معاہدے میں مصدر کو مستقبل کے شمسی منصوبوں کے لیے اینڈیسا کا ترجیحی پارٹنر بننے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت بھی شامل ہے۔

اس موقع پر مصدر کے چیئرمین ڈاکٹر سلطان الجابر نے عالمی سطح پر کلین انرجی کی صلاحیت کو کھولنے اور توانائی کی منتقلی کو تیز کرنے کے لیے مصدر کے عزم پر زور دیاہے۔

اینیل گروپ کے سی ای او فلیویو کٹیانیو نے شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا اور دیگر خطوں میں بھی اسی طرح کے لین دین کی امید ظاہر کی ہے۔

مصدر کے سی ای او محمد جمیل الرمحی نے مصدر کے ترقیاتی منصوبوں میں اس معاہدے کی اہمیت اور صفر اخراج کے اہداف کی حمایت میں اس کے کردار کو اجاگر کیاہے۔