اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کا مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تنازعے پر تشویش کا اظہار

جنیوا، 5 اگست 2024 (وام)-- اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے مشرق وسطیٰ میں ایک وسیع تر تنازعے کے بڑھتے ہوئے خطرے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام فریقین کے ساتھ ساتھ اثر و رسوخ رکھنے والی ریاستوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس نازک صورتحال کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔

پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں ترک نے کہاکہ، "انسانی حقوق - سب سے بڑھ کر عام شہریوں کا تحفظ - اولین ترجیح ہونی چاہیے۔"

انہوں نے مزید کہا، "پہلے ہی، گزشتہ 10 مہینوں میں، عام شہری - زیادہ تر خواتین اور بچے - بموں اور بندوقوں کے نتیجے میں ناقابل برداشت درد اور تکلیف برداشت کر چکے ہیں۔"

ہائی کمشنر وولکر ترک نے کہا کہ اس صورتحال جس کے عام شہریوں کے لیے اور بھی خوفناک نتائج ہوں گے کو مزید ایک ایسے گڑھے میں گرنے سے روکنے کے لیے سب کچھ، یعنی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔