نہیان بن مبارک کا 30ویں ابوظہبی انٹرنیشنل شطرنج فیسٹیول کا افتتاح

ابوظہبی، 15 اگست 2024 (وام) - رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے آج سینٹ ریگس کارنش ہوٹل میں ابوظہبی انٹرنیشنل شطرنج فیسٹیول کے 30ویں ایڈیشن کا افتتاح کیاہے۔

زاید چیریٹیبل اینڈ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین شیخ نہیان بن زاید النہیان کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کا اہتمام ابوظہبی شطرنج کلب اینڈ مائنڈ گیمز کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں 82 ممالک کے 2,200 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

شرکاء پہلی بار سرکاری اداروں اور اسکولوں کے ٹورنامنٹ سمیت 27 متنوع مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

فیسٹیول میں بین الاقوامی ماسٹرز کے لیے مقابلے، اوپن ٹورنامنٹ اے اور بی، 8 سے 16 سال کی عمر کے زمرے، تمام کے لیے بلٹز ٹورنامنٹ، اور جونیئرز کے لیے بلٹز ٹورنامنٹ شامل ہیں۔ اس میں فیملی ٹیموں، کمیونٹی ٹیموں، اکیڈمیوں، اداروں، معذور افراد اور 9 سے 17 سال کی عمر کے دونوں جنسوں کے اسکولوں کے لیے بھی مقابلے شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ازبکستان اور چین اپنی قومی ٹیموں کے ساتھ حصہ لینے والے ممالک میں شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب میں عرب شطرنج فیڈریشن کے صدر اور شارجہ کلچرل اینڈ شطرنج کلب کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر خالد بن حامد القاسمی، متحدہ عرب امارات شطرنج فیڈریشن کے صدر طارق مطر، ابوظہبی شطرنج کلب اینڈ مائنڈ گیمز کے چیئرمین حسین عبداللہ الخوری اور عمان شطرنج کمیٹی کے صدر احمد البلوشی نے شرکت کی۔