عمان میں حادثے کے بعد زخمی خاتون کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے ابوظہبی منتقل کیا گیا

ابوظہبی، 26 اگست، 2024 (وام) - وزارت خارجہ نے نیشنل گارڈ - نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو سنٹر (این ایس آر سی) کے اشتراک سے ایک ٹریفک حادثے کے بعد شدید زخمی ہونے والی ایک خاتون کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے منتقل کرنے کا کامیاب آپریشن مکمل کیاہے۔ یہ خاتون اپنے خاندان کے ہمراہ سلطنت عمان میں تھی اور اس حادثے میں شدید زخمی ہوئی تھی۔ یہ عمان سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے حالیہ دنوں میں چوتھا ایسا فضائی ایمبولینس مشن ہے۔

عمانی حکام کے تعاون اور مدد سے، زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد، عمان کے نزویٰ ہسپتال سے متحدہ عرب امارات کے شیخ شخبوط میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا۔ زخمی خاتون کے ساتھ اس کے اہل خانہ بھی این ایس آر سی کے طیارے میں موجود تھے تاکہ وہ اپنا علاج جاری رکھ سکے۔

اس سلسلے میں، وزارت خارجہ نے عمانی حکام کی کوششوں اور ان کے نمایاں کردار کو سراہا ہے جنہوں نے طبی انخلاء کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مسقط میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کو بھرپور تعاون فراہم کیا۔

وزارت خارجہ تمام مسافروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ زمینی سفر کے دوران محتاط اور ہوشیار رہیں؛ قوانین، ضوابط اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں؛ اور رفتار کی حد پر عمل کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے بچ سکیں۔