ممبئی، 10 ستمبر، 2024 (وام) --جی42، جو کہ متحدہ عرب امارات کی معروف ٹیکنالوجی ہولڈنگ گروپ ہے، نے جلد ہی 'نندا' کے آغاز کا اعلان کیاہے۔ یہ اعلان ابوظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی موجودگی میں ان کے ہندوستان کے سرکاری دورے کے دوران کیا گیاہے۔
یہ نیا ہندی لارج لینگویج ماڈل ہے جو 13 ارب پیرامیٹرز پر مشتمل ہے۔ اس ماڈل کی تربیت تقریباً 2.13 ٹریلین ٹوکنز پر کی گئی ہے، جن میں ہندی شامل ہے۔
'نندا' کا نام بھارت کی ایک بلند چوٹی کے نام پر رکھا گیا ہے اور یہ ‘جی42’ کی کمپنی ‘Inception’، محمد بن زاید یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور 'سیریبرا سسٹمز' کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس ماڈل کی تربیت 'Condor Galaxy' پر کی گئی، جو دنیا کے سب سے طاقتور ‘AI’سپرکمپیوٹرز میں سے ایک ہے۔
'نندا'کا آغاز بھارت میں مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جو کہ پانچ سو ملین سے زیادہ ہندی بولنے والوں کو جدید مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
جی42 انڈیا کے سی ای او، مانو جین نے کہاکہ، "بھارت نے ڈیجیٹل انڈیا اور اسٹارٹ اپ انڈیا جیسے اقدامات کے تحت عالمی ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کر لیا ہے۔ جی42 'نندا' کے ذریعے بھارت کی ’AI’ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔"
‘Inception’کے عبوری سی ای او، ڈاکٹر اینڈریو جیکسن نے کہا کہ 'نندا' ہندی زبان کی نمائندگی کو ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت منظرنامے میں لے آئے گا۔ اس سے پہلے، جی42نے اگست 2023 میں 'JAIS'، دنیا کے پہلے اوپن سورس عربی لارج لینگویج ماڈل کا آغاز کیا تھا، جس نے عربی زبان میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کے دروازے کھولے۔ 'نندا'، جی42 کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے، بھارت کے سائنسی، تعلیمی، اور ڈویلپر کمیونٹیز کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور علاقے میں مصنوعی ذہانت تک وسیع رسائی فراہم کرے گا۔