اقوام متحدہ کا غزہ میں مسلسل جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار

نیویارک، 10 ستمبر، 2024 (وام) –اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں جاری جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور خان یونس میں بے گھر افراد کے لئے اسرائیل کے نامزد کردہ علاقے میں آج کے اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سیکریٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ،"گنجان آباد علاقوں میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال ناقابل قبول ہے۔ اسرائیلی حکام کی جانب سے بار بار ایسا کرنے کی ہدایت کے بعد فلسطینی پناہ اور حفاظت کی تلاش میں خان یونس کے اس علاقے میں منتقل ہوئے تھے۔"

جیسا کہ سیکرٹری جنرل بارہا کہہ چکے ہیں کہ غزہ میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر فوری جنگ بندی اور غزہ میں قید تمام اسرائیلی یرغمالیوں اور دیگر قومیتوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔

مشرق وسطیٰ امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر ٹور وینس لینڈ نے اپنے بیان میں اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین بشمول تفریق، متناسبیت اور حملے میں احتیاطی تدابیر کے اصولوں کو ہر وقت برقرار رکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہریوں کو کبھی بھی انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کے باوجود انکے شراکت دار آج شمالی غزہ میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع کرنے میں کامیاب رہے۔ یہ مہم کا تیسرا مرحلہ ہے اور توقع ہے کہ یہ جمعرات تک جاری رہے گا۔ یو این آر ڈبلیو اے کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اب تک ہزاروں بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین، کولڈ چین آلات اور فنگر مارکرز جن کا استعمال یہ پتہ لگانے کے لیے کیا جاتا ہے کہ اصل میں کس کو ویکسین دی گئی ہے، گزشتہ روز کامیابی کے ساتھ غزہ پہنچ گئے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا کہ مزید ایندھن کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ویکسینیشن ٹیموں کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑیاں فعال رہیں اور اسپتالوں کو دوبارہ سپلائی کریں تاکہ وہ ضروری خدمات کو برقرار رکھ سکیں۔