ابوظہبی، 30 ستمبر، 2024 (وام) --تعلیم، انسانی وسائل اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کونسل کی نائب صدر شیخہ مریم بنت محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے 28 فروری کو "اماراتی یومِ تعلیم" کے طور پر نامزد کرنے کی ہدایت، اس شعبے میں کام کرنے والے ہر فرد کے لیے ایک اظہار تشکر ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخہ مریم نے کہاکہ، "28 فروری کو یوم تعلیم امارات کے طور پر منانے کا اعلان اس شعبے سے وابستہ تمام افراد کے لیے ایک پیغام تشکر ہے، ان لوگوں کے لیے بھی جو ہمارے ابتدائی سفر میں ہمارے ساتھ تھے اور ان کے لیے بھی جو آج بھی لگن، عزم اور محنت سے ایسے مثبت نمونے تیار کرنے میں مصروف ہیں جو ہماری قومی امنگوں کو پورا کرتے ہیں اور ہمارے طلبہ - ہماری امید اور مستقبل کے رہنماؤں - کو متاثر کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "دانشور قیادت کا وژن ہمارے مستقبل کی منصوبہ بندی کی حکمت عملیوں کو متاثر کرتا ہے، جہاں تعلیم کو انسانی ترقی اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے ساتھ مربوط کیا جائے گا، تاکہ ہم ایک بااختیار مربوط معاشرہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک پائیدار مستقبل تشکیل دے سکیں۔ ایک ایسا مستقبل جو ہماری شناخت کی عکاسی کرے، ہمارے ثقافت کو مالا مال کرے، اور ہماری اقدار کو مزید مستحکم کرے۔"
شیخہ مریم نے کہاکہ، “تعلیم قوموں کا روشن مینار اور انسانی ترقی کا راستہ ہے؛ یہ ترقی کی بنیاد اور مستقبل کا معمار ہے۔ متحدہ عرب امارات اس اہم کردار کو تسلیم کرتا ہے جو تعلیم ایک مثبت حال کی تعمیر میں ادا کرتی ہے، جو چیلنجوں کو مواقع میں بدل دیتی ہے اور طلبہ کے لیے مہارت حاصل کرنے، علم کے چشمے سے سیراب ہونے، اور ماضی سے حال تک ہمارے تبدیلی کے سفر میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو محفوظ رکھنے کے راستے کھولتی ہے۔”