ابوظہبی میں "سوشل کیئر فورم" کا انعقاد، سماجی بہبود کے شعبے کے مستقبل پر بات چیت

ابوظہبی، 30 ستمبر 2024 (وام) – کمیونٹی ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ڈیلوئٹ کے ساتھ شراکت میں، 2 اور 3 اکتوبر 2024 کو "سوشل کیئر فورم" کی میزبانی کرے گا۔ یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات میں سماجی خدمات کے مستقبل کو از سر نو متعین کرنے کے لیے تیار ہے۔

دو روزہ فورم میں سماجی نگہداشت کے شعبے میں چیلنجوں اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، بشمول سماجی نگہداشت کے موجودہ رجحانات، خدمات کے مستقبل پر عالمی پیش رفت کے اثرات، سماجی شعبے میں صلاحیتوں کو راغب کرنے، ان کی پرورش اور برقرار رکھنے کی حکمت عملیاں، ابھرتی ہوئی سماجی خدمات اور دیگر موضوعات شامل ہیں۔

فورم میں دنیا بھر سے 40 سے زائد مفکرین، سینئر حکام، ماہرین اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔

ابوظہبی میں کمیونٹی ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں لائسنسنگ اور کنٹرول سیکٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، مبارک سالم العامری نے کہاکہ، "اپنے پہلے ایڈیشن میں، سوشل کیئر فورم اس میدان میں معروف شخصیات اور تنظیموں کو ایک ساتھ لا کر سماجی بہبود کے مستقبل کی کھوج کرے گا، سماجی بہبود کے شعبے میں ابوظہبی کی معروف پوزیشن کو تقویت دے گا اور مستقبل کی پالیسیوں اور طریقوں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر تشکیل دینے میں مدد کرے گا۔"

اس اہم اجتماع کا مقصد سماجی خدمات کے افرادی قوت کے اندر جدت اور تعاون کو فروغ دینا ہے، جس سے کمیونٹی کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک مربوط نقطہ نظر پیدا کیا جا سکے۔