سیف بن زاید کی روسی نائب وزیر داخلہ سے ملاقات

ابوظہبی، 3 اکتوبر، 2024 (وام) -نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان نے ابوظہبی میں روسی فیڈریشن کے نائب وزیر داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل ولادیمیر کوبیشکو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید اور روسی عہدیدار نے باہمی دلچسپی کے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان پولیس اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

اجلاس میں وزارت داخلہ کے انڈر سیکریٹری میجر جنرل خلیفہ حرب الخیلی، وزارت داخلہ میں سمارٹ سروسز اینڈ ڈیجیٹل سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر انجینئر حسین الحارثی کے علاوہ روسی وفد کے متعدد افسران اور ارکان نے شرکت کی۔

متعلقہ تناظر میں، روسی وفد نے سیکیورٹی سپورٹ آپریشنروم اور سول ڈیفنس اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلی بین الاقوامی معیار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پولیس کے کام میں لاگو ہونے والے بہترین طریقوں کے بارے میں معلومات حاصل کی، اس کے علاوہ تعاون کے پہلوؤں اور تربیت اور ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور شراکت داری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔