لبنان میں 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں 17 افراد ہلاک، 182 زخمی

بیروت، 16 اکتوبر، 2024 (وام) --لبنان کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 182 زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد واقعات کے آغاز سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2،367 ہوگئی ہے اور 11،106 زخمی ہوئے ہیں۔

لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے حکومتی ہنگامی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر، وزیر ماحولیات ڈاکٹر ناصر یاسین کے حوالے سے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان کے مختلف علاقوں میں 138 فضائی حملے ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد جارحیت کے آغاز سے اب تک فضائی حملوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 150 تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ بے گھر افراد کے لئے 1,076 مراکز کھولے گئے ہیں، جن میں سے 885 اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش تک پہنچ چکے ہیں، اور 190،698 بے گھر افراد کو پناہ گاہوں میں رجسٹر کیا گیا ہے۔