شارجہ، 4 نومبر 2024 (وام) -- مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی پہلی اور سب سے بڑی کم قیمت والی ایئر لائن، ایئر عربیہ نے شارجہ سے سعودی عرب کے شہر ینبع کے لیے اپنی پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ سروسسعودی عرب میں ایئر عربیہ کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے گی اور پورے خطے میں قابل رسائی اور قابل اعتماد سفری آپشنز فراہم کرنے کے اپنے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
28 نومبر 2024 سے شروع ہونے والی یہ نان اسٹاپ پروازیں شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پرنس عبدالمحسن بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان ہفتے میں دو بار چلیں گی۔
ایئر عربیہ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر، عادل العلی نے کہاکہ، "ہمیں شارجہ سے سعودی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دینے پر خوشی ہے۔ اس روٹ کی بحالی مسافروں کو آسان اور سستی سفری آپشنز فراہم کرنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ جیسے جیسے ہم مملکت میں اپنے نیٹ ورک کو بڑھاتے رہتے ہیں، ہم سیاحت اور کاروباری شعبوں کی ترقی کی حمایت، علاقائی معیشت میں حصہ ڈالنے اور مشرق وسطیٰ اور اس سے آگے اپنے مسافروں کے لیے نئے مواقع پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔"
ینبع کے اضافے کے ساتھ، ایئر عربیہ اب شارجہ سے سعودی عرب کے لیے 12 مقامات پر پروازیں چلاتی ہے، جن میں ابھا، الجوف، الدمام، القصیم، جازان، حائل، جدہ، مدینہ، ریاض، تبوک اور طائف شامل ہیں۔