ابوظہبی، 16 دسمبر، 2024 (وام) --اتحاد ایئرویز نے اتوار کو نیروبی کے لیے اپنی نئی پرواز کا آغاز کیا، جو ایئر لائن کے نیٹ ورک میں توسیع کے ایک اور اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔
یہ پرواز زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے جدید ترین سہولیات سے مزین ٹرمینل سے آپریٹ ہوتی ہے اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت اور افریقہ کے سب سے متحرک شہروں میں سے ایک کے درمیان ایک اہم رابطہ فراہم کرتی ہے۔
اتحاد ایئرویز کے چیف ریونیو اور کمرشل آفیسر ارک دے نے کہاکہ، "نیروبی کے لیے ہماری نئی سروس نہ صرف ہمارے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کو مزید مضبوط کرتی ہے بلکہ متحدہ عرب امارات اور کینیا کے درمیان سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرتی ہے، جیسا کہ آج کی افتتاحی فلائٹ کے مکمل بک ہونے سے ظاہر ہوتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "ابوظہبی اور کینیا دونوں سیاحت کے شعبے میں شاندار ترقی کر رہے ہیں اور مستقبل کے لیے بلند اہداف رکھتے ہیں۔ یہ نیا روٹ دونوں مقامات کے لیے اہم مواقع پیدا کرے گا، خطے کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گا، اور ابوظہبی کو ایک عالمی ایوی ایشن حب کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔ ساتھ ہی کینیا کے فروغ پاتے سیاحتی شعبے تک رسائی کو آسان بنائے گا۔"
نیروبی کے لیے پرواز کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب کینیا کی سیاحت ترقی کے عروج پر ہے۔ 2024 میں سیاحوں کی تعداد 3 ملین تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ آنے والے سالوں میں اس ہدف کو 5 ملین تک بڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔
نیروبی کے لیے سروس کا آغاز 2024 میں انطالیہ، بالی، بوسٹن، جے پور، کوژیکوڈ، میکونوس، نائس، قصیم، اور ترواننت پورم جیسے نئے مقامات کے کامیاب اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔
2025 میں اتحاد ایئرویز اپنی نیٹ ورک توسیع جاری رکھے گی اور 13 نئے مقامات کا آغاز کرے گی، جن میں وارسا اور پراگ جون میں، العالمین اور اٹلانٹا جولائی میں، تائپے ستمبر میں، میدان، پنوم پین، اور کرابی اکتوبر میں، اور تیونس، چیانگ مائی، ہانگ کانگ، ہنوئی، اور الجیئرز نومبر میں شامل ہیں۔