ابوظہبی، 17 دسمبر، 2024 (وام) --متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ایک قومی منصوبہ ’یونیفائیڈ یو اے ای نمبرز‘ کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد ملک کے شماریاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور مختلف اقتصادی، سماجی، ماحولیاتی اور دیگر شعبوں میں ترقی کو فروغ دینا ہے۔
یہ اعلان ایک تقریب کے دوران کیا گیا جس میں نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین،عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کے شماریاتی مراکز کے سربراہان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس منصوبے میں مقامی حکومتوں کے شماریاتی مراکز کے ذریعے تمام متعلقہ فریق شامل ہیں اور اس کا مقصد متحدہ عرب امارات کو عالمی سطح پر ایک ایسا ملک بنانا ہے جو ڈیٹا اور شماریات کو موثر فیصلہ سازی کے لیے استعمال کرتا ہو۔ یہ منصوبہ تین کلیدی شعبوں پر مرکوز ہے جن میں متحرک معیشت کی تشکیل،عوام اور معاشرے کی معاونت اور پائیدار ماحول اور قابل تجدید توانائی کو فروغ دینا شامل ہے۔
اس موقع پر شیخ منصور نے کہا کہ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور شماریات کے ذریعے بہتر فیصلہ سازی کے عمل کو اپنایا جائے۔ یہ منصوبہ وفاقی مرکز برائے مسابقت اور شماریات، مقامی شماریاتی مراکز، ایگزیکٹو کونسلز اور نجی شعبے کے تعاون سے عمل میں لایا جا رہا ہے۔
شیخ منصور نے مزید کہاکہ،"متحدہ عرب امارات میں شماریات اور ڈیٹا کے شعبے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں ترقی کی کوششوں کا سنگ بنیاد ہیں، جو ہمیں ایک مضبوط قومی ٹیم کے طور پر متحد کرتی ہیں۔“
انہوں نے شماریاتی مراکز کے حکام سے ملاقات کے دوران وفاقی اور مقامی حکام، بالخصوص نیشنل اسٹیٹسٹکس کمیٹی، وفاقی مرکز برائے مسابقت و شماریات، وزارتوں اور حکومتی اداروں کے درمیان تعاون کو سراہا۔
شیخ منصور نے ڈیٹا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کو درست اور جامع شماریات کی بنیاد پر بہتر فیصلے اور پالیسیاں بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے، جس سے کلیدی شعبوں میں ملک کی مسابقتی حیثیت مضبوط ہوتی ہے۔
یہ منصوبہ قومی شماریاتی ریلیز کیلنڈر کو مربوط کرنے، درست اشاریے تیار کرنے اور عالمی مسابقت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھی کام کرے گا۔ اس میں متحدہ عرب امارات کی جی ڈی پی، افراط زر، غیر ملکی سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، ماحولیات اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی اور درست ڈیٹا فراہم کرنا شامل ہے۔
مزید برآں، اس منصوبے میں مربوط ڈیجیٹل سرویز کی طرف مکمل تبدیلی کا تصور کیا گیا ہے، جو ڈیجیٹل اور ڈیٹا انضمام کی کوششوں کو فروغ دے گا۔ یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کے ذریعے ایک متحد ڈیٹا ماحول تخلیق کرنے کی خواہش رکھتا ہے، جو قومی ترقی کے لیے حکمتِ عملی پر مبنی فیصلہ سازی کو آسان بنائے گا۔