متحدہ عرب امارات مضبوط تجارتی پالیسیوں کے ذریعے اقتصادی ترقی کو فروغ دیتا ہے: ثانی الزیودی

ابوظہبی، 14 جنوری، 2025 (وام) –وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت، ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہا ہے کہ آج متحدہ عرب امارات کی جانب سے کینیا، نیوزی لینڈ، اور ملائیشیا کے ساتھ کیے گئے نئے جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے 2025 میں کامیابیوں کے تسلسل کو مزید تقویت فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر الزیودی نے اماراتی خبر رساں ادارے (وام) کو بتایاکہ، "متحدہ عرب امارات مضبوط، آزادانہ تجارت اور سرمایہ کاری کی پالیسیوں کے ذریعے اقتصادی ترقی کو فروغ دیتا ہے۔ ان معاہدوں سے ملکی کاروباری برادری کو مزید تجارتی اور سرمایہ کاری کے فوائد حاصل ہوں گے، کیونکہ ہم تجارتی اور سرمایہ کاری کے شراکت داروں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور دنیا بھر میں ترقیاتی شراکت داریوں کی تعمیر کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ ان معاہدوں کا آج ابوظہبی پائیداری ہفتہ 2025 کے موقع پر کیا جانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کھلی اور اصولوں پر مبنی تجارت کی اہمیت کو گہرائی سے سمجھتا ہے۔

ڈاکٹر الزیودی نے مزید کہاکہ، “متحدہ عرب امارات اپنی جامع اقتصادی شراکت داری کے پروگرام کے ذریعے دنیا بھر میں مزید تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کھولنے کی پالیسیوں کو اپناتا رہتا ہے۔”