بھارت کا قدرتی کٹے اور پالش شدہ ہیرے کی ڈیوٹی فری درآمد کا اعلان

نئی دہلی، 21 جنوری 2025 (وام) – بھارت نے 1 اپریل 2025 سے ایک چوتھائی قیراط سے کم وزن والے قدرتی کٹے اور پالش کیے گئے ہیرے کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت تجارت و صنعت نے "ڈائمنڈ امپریسٹ اتھارائزیشن اسکیم" کا اعلان کیا ہے، جو ان بھارتی ایکسپورٹ ہاؤسز کے لیے کھلی ہے جنہیں "دو ستارے" کا درجہ حاصل ہے اور جن کی سالانہ برآمدات کم از کم 15 ملین ڈالر ہیں۔

اس اسکیم کے تحت برآمد کی شرط کے ساتھ 10 فیصد ویلیو ایڈیشن لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ نئی اسکیم یکم اپریل کو شروع ہونے والے بھارت کے نئے مالی سال سے نافذ العمل ہوگی۔

وزارت نے بتایا کہ یہ اسکیم ان پالیسیوں کی طرز پر بنائی گئی ہے جو بڑے قدرتی ہیرے نکالنے والے ممالک جیسے بوٹسوانا، نمیبیا، اور انگولا میں نافذ ہیں۔

وزارت نے مزید کہاکہ، "یہ اسکیم بھارت کی عالمی ہیرا صنعت میں پوری ویلیو چین کے حوالے سے عالمی رہنما کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔"

یہ اسکیم خاص طور پر بھارت کے ہیرا شعبے میں مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی اور انہیں بڑے اداروں کے ساتھ مسابقت کے قابل بنائے گی۔

وزارت کے مطابق یہ اسکیم بین الاقوامی معیارات کی پاسداری کو یقینی بناتی ہے اور کاروبار کرنے میں آسانی فراہم کرتی ہے۔