راس الخیمہ، 28 جنوری 2025 (وام) – راس الخیمہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن، شیخ سعود بن صقر القاسمی نے "یو اے ای-بھارت: پائیدار خوشحالی کے لیے شراکت داری" بزنس میٹ میں شرکت کی۔ یہ تقریب والڈورف آسٹوریا راس الخیمہ میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں مہاراشٹر حکومت کے وزیر برائے صنعت و مراٹھی زبان، اُدے سمنت، دبئی اور شمالی امارات میں بھارت کے قونصل جنرل، ستیش کمار سیوان سمیت معروف کاروباری شخصیات اور بڑی کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں، شیخ سعود بن صقر القاسمی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان تعلقات باہمی سمجھ بوجھ، احترام اور مشترکہ ترقی کے وژن پر قائم ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ، "ہم راس الخیمہ میں بھارت کے ساتھ تعاون کے وسیع امکانات کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ بھارتی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دینے سے کامیابی کے نئے دروازے کھلیں گے، ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہوں گے، اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے افق دریافت کیے جائیں گے۔"
تقریب کے دوران، شیخ سعود نے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
پہلا معاہدہ راس الخیمہ اکنامک زونز اور فیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے درمیان ہوا، جس کا مقصد بھارتی کمپنیوں کی ترقی کے لیے معاونت فراہم کرنا، خصوصی خدمات مہیا کرنا، کاروباری تقریبات منعقد کرنا، اور کام کے لیے مخصوص جگہیں فراہم کرنا ہے۔
دوسرا معاہدہ مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ ہوا، جو راس الخیمہ اور مہاراشٹر کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور کاروباری ماحول کو آسان بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے میں مدد دے گا۔
فورم کے اختتام پر "گلوبل مہاراشٹر بزنس فورم" کے قیام کا اعلان کیا گیا، جو کاروباری افراد، سرمایہ کاروں، ماہرین، اور حکومتی عہدیداروں کو مشترکہ مواقع پر تبادلہ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
یہ فورم یو اے ای اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اسٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرے گا، خاص طور پر راس الخیمہ میں کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد دے گا۔
یہ اقدام دونوں دوست ممالک کے کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، پائیدار ترقی، اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔