متحدہ عرب امارات کی رین اینہانسمنٹ میں عالمی قیادت، جدید ٹیکنالوجیز پر تحقیق جاری

ابوظہبی، 29 جنوری 2025 (وام) – سینٹر فار ویسٹرن ویدر اینڈ واٹر ایکسٹریمز (CW3E) کے ریسرچ ڈائریکٹر، ڈاکٹر لوکا ڈیلی مونیچے کے مطابق متحدہ عرب امارات بادلوں میں تخم ریزی (کلاؤڈ سیڈنگ) کے ذریعے بارش میں اضافے کے حوالے سے عالمی سطح پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے انٹرنیشنل رین اینہانسمنٹ فورم کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم ایک قیمتی تجربہ ہے، جہاں دنیا بھر سے اس شعبے کے ممتاز ماہرین اکٹھے ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر مونیچے نے کانفرنس میں پیش کی گئی جدید ترین ٹیکنالوجیز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بادلوں کی تخم ریزی (کلاؤڈ سیڈنگ) کے عمل میں بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیاں (UAVs) مرکزی کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ روایتی طریقوں کے مقابلے میں یہ ڈرونز زیادہ مؤثر اور درستگی کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے بارش افزائش کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔

ڈاکٹر مونیچے نے اپنے تحقیقی منصوبے پر بھی روشنی ڈالی، جو یو اے ای ریسرچ پروگرام برائےرین اینہانسمنٹ سائنس کے چوتھے مرحلے میں ایوارڈ یافتہ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تحقیق اب اپنے تیسرے سال میں داخل ہو چکی ہے اور حتمی مراحل کے قریب ہے، جبکہ تمام سرگرمیاں اگست 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔