دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بے مثال ترقی، 2024 کے پہلے نصف میں 2.2 لاکھ افراد کی منتقلی

دبئی، 29 جنوری 2025 (وام) – داماک پراپرٹیز کی مینیجنگ ڈائریکٹر، امیرا سجاوانی کے مطابق 2024 کے پہلے نصف میں 220,000 سے زائد افراد دبئی منتقل ہوئے، جس سے رہائشی یونٹس کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔

امیرا سجاوانی نے داماک کے نئے منصوبے "ریور سائیڈ ویوز" کی لانچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ بے مثال ترقی کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جہاں سرمایہ کاروں اور خریداروں دونوں کی جانب سے مضبوط طلب برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی اپنی اسٹریٹیجک لوکیشن، یورپ اور ایشیا کے درمیان رابطے، اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

"متحدہ عرب امارات میں رئیل اسٹیٹ کی مانگ کسی بھی دوسرے عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ ہمارے کچھ منصوبے لانچ ہوتے ہی چند گھنٹوں میں اربوں ڈالر کی فروخت حاصل کر چکے ہیں۔"

امیرا سجاوانی نے مزید انکشاف کیا کہ داماک کے نئے منصوبے کی سرمایہ کاری مالیت 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، اور یہ مشہور "زاہا حدید آرکیٹیکٹس" کے ڈیزائن کردہ منصوبوں میں شامل ہے۔

داماک کا نیا منصوبہ "ریور سائیڈ ویوز" اسٹائلش ایک اور دو بیڈ روم اپارٹمنٹس پر مشتمل ہے، جو آٹھ منفرد تھیمز میں تقسیم کیے گئے ہیں جس میں ٹیئل، ایزور، میرین، انڈِگو، رائل، کیپری، سن اور پیسیفک تھیمز شامل ہیں۔

یہ منصوبہ قدرتی ماحول اور کمیونٹی لائف سے قریبی تعلق فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں سرسبز مناظر اور پانی کے دلکش نظارے شامل ہیں، جو رہائشیوں کے لیے خوشگوار اور پُرسکون طرز زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دبئی کے لگژری رئیل اسٹیٹ منظرنامے کو نئی شکل دینے اور مزید شاندار منصوبے متعارف کرانے کا عزم رکھتے ہیں۔