غیثہ ہولڈنگ کے مالی نتائج: 2024 میں آمدنی میں 8.9 فیصد اضافہ، کل آمدنی 4.97 بلین درہم تک پہنچ گئی

ابوظہبی، 31 جنوری 2025 (وام) – غیثہ ہولڈنگ نے مالی سال 2024 کے لیے اپنے مجموعی مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق کمپنی کی کل آمدنی 4.97 بلین درہم تک پہنچ گئی، جو مالی سال 2023 کے مقابلے میں 8.9 فیصد زیادہ ہے۔

کمپنی کے مضبوط مالیاتی نتائج کی بنیادی وجوہات میں کاروبار کی توسیع، اسٹریٹجک حصول، اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری شامل ہیں۔ غیثہ ہولڈنگ کا مجموعی منافع 25.8 فیصد اضافے کے ساتھ 977.7 ملین درہم تک پہنچ گیا، جبکہ منافع کا تناسب 2.6 فیصد اضافے کے بعد 19.7 فیصد ہو گیا۔

کمپنی کی مالیاتی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی اور 2024 میں کل اثاثے 32 فیصد اضافے کے ساتھ 9.3 بلین درہم تک پہنچ گئے۔

غیثہ ہولڈنگ کے سی ای او، فلّال امین نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ، "2024 غیثہ ہولڈنگ کے لیے ایک اہم سال ثابت ہوا، جس میں ہم نے خطے کے پیکجڈ فوڈ اور زراعت کے شعبے میں اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ، “ہمارے کامیاب نتائج اس حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں، جس میں ہم نے اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دی، استعداد میں بہتری لائی، اور طویل المدتی ترقی کے لیے اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی۔ نئے مارکیٹوں میں داخلے اور اپنے پورٹ فولیو کی کارکردگی کو بہتر بنانے سے ہم نے گروپ کی مسلسل ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی۔”