متحدہ عرب امارات کی ہوابازی شعبے میں قابل ذکر ترقی، 2024 میں مسافروں کی تعداد 147.8 ملین تک پہنچ گئی

ابوظہبی، 6 فروری 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (GCAA) کے اعلان کے مطابق 2024 میں ملک کے ہوابازی کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی، جہاں مسافروں کی تعداد 10 فیصد اضافے کے ساتھ 147.8 ملین تک پہنچ گئی، جو 2023 میں 134 ملین تھی۔

ہوائی مال برداری (ایئر کارگو) میں بھی 17.8 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2024 میں 4.36 ملین ٹن کارگو ترسیل ہوئی، جو کہ گزشتہ سال 3.7 ملین ٹن تھی۔ یہ اعداد و شمار متحدہ عرب امارات کو عالمی ہوائی نقل و حمل کے مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے کی عکاسی کرتے ہیں۔

وزیرِ معیشت اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین، عبداللہ بن طوق المری نے کہاکہ، "یہ اعداد و شمار صرف ترقی کے اشارے نہیں، بلکہ متحدہ عرب امارات کے ہوابازی کے شعبے کی مضبوطی اور ملکی معیشت میں اس کے کلیدی کردار کا واضح ثبوت ہیں۔ ہمارا ہوا بازی کا شعبہ تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر ملک کی عالمی حیثیت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ یہ ترقی قیادت کے وژن کا نتیجہ ہے، جس نے متحدہ عرب امارات میں ایک مضبوط اور مسابقتی ہوابازی کے شعبے کی بنیاد رکھی، جس پر عالمی سطح پر اعتماد کیا جا رہا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ اعتماد اس بات سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات دنیا کے بڑے ہوا بازی کے ایونٹس کی میزبانی کے لیے منتخب ہو رہا ہے۔ چند دنوں میں، ابوظہبی ICAO کے 4th گلوبل امپلیمنٹیشن سپورٹ سمپوزیم (GISS 2025) کی میزبانی کرے گا، جس کے ساتھ یو اے ای کی جانب سے 'گلوبل سسٹین ایبل ایوی ایشن مارکیٹ پلیس' کا آغاز بھی کیا جائے گا، جو پائیدار اور کم کاربن ہوا بازی کے ایندھن کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ یہ ایونٹس ہوابازی کے شعبے کو مزید محفوظ اور پائیدار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، اور متحدہ عرب امارات اس پیشرفت کے مرکز میں رہے گا۔"

جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی کے مطابق 2024 کے متاثر کن نتائج متحدہ عرب امارات کے ہوا بازی کے شعبے کی بڑھتی ہوئی طاقت اور مسابقت کی نشاندہی کرتے ہیں، جس سے یہ ملکی اور سماجی ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر ابھرا ہے۔

"ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے میں کی گئی اسٹریٹجک سرمایہ کاری نے متحدہ عرب امارات کو عالمی طلب کے مطابق خود کو ڈھالنے کے قابل بنایا ہے، جس کے نتیجے میں ملک دنیا کی بہترین ہوائی نقل و حمل کی خدمات فراہم کر رہا ہے، اور اس سے بے شمار اقتصادی مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔"

2024 کے دوران 41.6 ملین مسافر ملک میں داخل ہوئے، 41.7 ملین روانہ ہوئے، جبکہ 64.4 ملین مسافروں نے امارات کے ایئرپورٹس کے ذریعے ٹرانزٹ کیا۔ ہوابازی کے شعبے میں ورک فورس میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں رجسٹرڈ پائلٹس کی تعداد 9,622، کیبن کریو ممبران کی تعداد 35,899، انجینئرز 4,493، ایئر ٹریفک کنٹرولرز 461، اور ڈسپیچرز کی تعداد 419 تک پہنچ گئی۔

متحدہ عرب امارات میں رجسٹرڈ فضائی آپریٹرز کی تعداد 36 ہو گئی، جبکہ ملک میں کل رجسٹرڈ طیاروں کی تعداد 929 تک پہنچ گئی، جن میں سے 520 طیارے قومی کیریئرز کے تحت کام کر رہے ہیں۔ سال 2024 میں ہوائی ٹریفک کی کل تعداد 1.03 ملین پروازوں تک پہنچ گئی، جو ملکی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ فضائی سرگرمی ہے۔ یہ اعداد و شمار متحدہ عرب امارات کے ہوابازی کے شعبے کی عالمی برتری، مضبوط بنیادی ڈھانچے، اور جدید سہولیات کی عکاسی کرتے ہیں۔