دبئی، 6 فروری 2025 (وام) – دبئی پولیس نے یو اے ای SWAT چیلنج 2025 کے چھٹے ایڈیشن کے دوران ایک تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنا لی۔ یہ ریکارڈ SWAT ٹیموں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ممالک کی شرکت پر قائم کیا گیا، جہاں 46 ممالک کے خصوصی دستے شریک ہوئے۔
دبئی پولیس کے کمانڈر ان چیف، لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا، جو انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی آفیشل جج حنان اسپیئرز نے دبئی کے الروایہ ٹریننگ سٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران پیش کیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے اعلیٰ سیکیورٹی حکام اور SWAT ٹیموں کے لیڈرز بھی موجود تھے۔
گنیز کی آفیشل جج، حنان اسپیئرز نے دبئی پولیس کو اس عالمی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ،"ہم آج یہاں سب سے زیادہ ممالک کے SWAT چیلنج میں شرکت کے ایک نئے عالمی ریکارڈ کی تصدیق کے لیے موجود ہیں۔ یہ ایک باضابطہ گنیز ورلڈ ریکارڈ ہے، جس میں 46 ممالک کی شرکت نے 45 ممالک کی کم از کم حد کو عبور کیا۔"
انہوں نے انہوں نے اس شاندار کامیابی پر دبئی پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے بتایاکہ،"تمام ضروری گائیڈ لائنز اور شرائط کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد، میں یہ تصدیق کرتے ہوئے خوش ہوں کہ دبئی پولیس نے تمام تقاضے پورے کر لیے ہیں۔"
یہ مقابلہ متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کے زیرِ اہتمام دبئی پولیس کی میزبانی میں منعقد ہوا، جس میں 46 ممالک سے 105 ٹیمیں شریک ہوئیں۔ ان ٹیموں نے پانچ سخت چیلنجز میں اپنی ٹیکٹیکل مہارت، جسمانی استقامت اور ٹیم ورک کو آزمایا۔