ابوظہبی، 9 فروری 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کی صدارتی عدالت کا دفتر برائے ترقیاتی امور ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے دوران چھ مباحثی نشستوں کا اہتمام کر رہا ہے، جو 11 فروری بروز منگل سے شروع ہوگا۔ یہ سیشنز مختلف اہم عالمی موضوعات پر مرکوز ہوں گے۔
مباحثی نشستوں کے کلیدی موضوعات میں گلوبل ساؤتھ میں فلاحی کاموں کا فروغ، کھیلوں کو سماجی تبدیلی کے لیے ایک محرک کے طور پر استعمال کرنا، پبلک پالیسی کے ذریعے دنیا بھر میں رویوں میں تبدیلی لانا، پائیدار ترقی کے لیے باہمی تعاون پر مبنی راستے، فلاحی کاموں کی نئی تعریف: عالمی اثرات کے لیے جدید ماڈلز اور انسانی مرکزیت پر مبنی مستقبل: نئی معیشت کے ماہرین تیار کرنا شامل ہیں۔
ان چھ سیشنز میں تین عمومی نشستیں جبکہ تین خصوصی گول میز مباحثے شامل ہوں گے۔ان نشستوں میں بین الاقوامی تعاون، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، اور فلاحی ماڈلز کے عالمی اثرات پر روشنی ڈالی جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ گلوبل ساؤتھ میں فلاحی اقدامات کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر بھی گفتگو کی جائے گی جبکہ عوامی پالیسیوں کے ذریعے رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔
صدارتی عدالت کے دفتر برائے ترقیاتی امور کے مطابق، ان مباحثوں کا مقصد دنیا بھر کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے، تاکہ ترقیاتی حکمت عملیوں کو مزید پائیدار اور عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز بنایا جا سکے۔