دبئی، 11 فروری 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات اور وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی (ICP) نے ملک میں "بلیو ویزا" سسٹم کے پہلے مرحلے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
یہ اعلان ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2025 کے دوران کیا گیا، جو 11 سے 13 فروری تک دبئی میں جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں ماحولیاتی پائیداری کے 20 ممتاز ماہرین اور اختراع کاروں کو بلیو ویزا دیا جائے گا۔
بلیو ویزا ایک 10 سالہ اقامتی ویزا ہے، جو ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے متحدہ عرب امارات اور عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
یہ ویزا ماحولیاتی اقدامات کی حمایت کرنے والے افراد کو دیا جائے گا، جن میں بین الاقوامی تنظیموں اور کمپنیوں کے نمائندے، غیر سرکاری تنظیموں کے اراکین، عالمی سطح پر ایوارڈ یافتہ ماہرین، ماحولیاتی امور کے محققین اور سرگرم کارکن شامل ہیں۔
ماحولیاتی ماہرین اور پائیداری کے حامی جو "بلیو ویزا" حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، وہ براہ راست
وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی (ICP) میں درخواست دے سکتے ہیں، یا متعلقہ حکام کی نامزدگی کے ذریعے اس ویزا کے لیے اہل ہو سکتے ہیں۔
بلیو ویزا کی شروعات متحدہ عرب امارات کے ان مسلسل اقدامات کا تسلسل ہے جو ملک کو پائیداری کے عالمی رہنما کے طور پر مستحکم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے حکومتی ادارے پائیداری کے شعبے میں نامزد امیدواروں کی درخواستیں جمع کرا سکیں گے، جس کی منظوری ICP کی ویب سائٹ پر طے شدہ طریقہ کار کے مطابق دی جائے گی۔
بلیو ویزا دراصل "گولڈن" اور "گرین" رہائش پروگراموں کا توسیعی حصہ ہے، جو پہلے ہی متعارف کرائے جا چکے ہیں۔
وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات، ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الدحاک نے کہا کہ یہ اقدام اماراتی قیادت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر پائیداری کے ممتاز ماہرین، مفکرین اور ماحولیاتی تحفظ میں غیر معمولی کامیابیوں کے حامل افراد کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ، "بلیو ویزا کا مقصد ان ماہرین کے علم اور تجربے سے فائدہ اٹھا کر قومی سطح پر پائیداری کے اہداف حاصل کرنا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ایک محفوظ اور مستحکم مستقبل کی تعمیر میں کردار ادا کرنا ہے۔"
وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل سہیل سعید الخیلی نے وضاحت کی کہ اتھارٹی 24/7 کی بنیاد پر بلیو ویزا سروس فراہم کرے گی، جو کہ اس کے ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے دستیاب ہوگی۔ ویزا کی فراہمی متعلقہ شرائط و ضوابط کی تکمیل پر منحصر ہوگی۔