ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید کی پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے سرکاری ملاقات

اسلام آباد، 27 فروری 2025 (وام) – ابوظبی کے ولی عہد، عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان، محمد شہباز شریف کے ساتھ وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں سرکاری مذاکرات کیے۔

اسلام آباد پہنچنے پر، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا شاندار استقبال کیا، جس کے بعد ایک باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعظم ولی عہد کو اعزازی پلیٹ فارم تک ہمراہ لے گیے، جہاں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے، اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ملاقات کے آغاز میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ولی عہد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرنے، اور اقتصادی و ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔

شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے اس موقع پر کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے درمیان شراکت داری ایک منفرد اور مضبوط ماڈل ہے، جو ریلوے نیٹ ورک کی توسیع، قدرتی وسائل کی تلاش، اور مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاری جیسے اہم منصوبوں کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

ملاقات کے دوران، شیخ خالد بن محمد بن زاید اور وزیر اعظم شہباز شریف کی موجودگی میں مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے کئی معاہدوں (MoUs) اور اسٹریٹجک شراکت داریوں پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں میں ریلوے، معدنیات، مالیاتی خدمات، اور اقتصادی زون کے قیام سے متعلق اہم منصوبے شامل تھے۔

اس موقع پر اتحاد ریل اور پاکستان کی وزارت ریلوے کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد پاکستان کے موجودہ ریلوے نیٹ ورک کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا اور ایک نئے ریلوے نیٹ ورک کا قیام ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں سفری سہولیات کو بہتر بنانا، نقل و حمل کو مزید مؤثر بنانا، اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

اسی طرح، معدنیات کے شعبے میں ایک مشترکہ منصوبہ بھی طے پایا، جس کے تحت انٹرنیشنل ریسورسز ہولڈنگ (IRH)، جو 2 پوائنٹ زیرو کا ذیلی ادارہ ہے، اور مری انرجیز کے درمیان ایک معاہدہ ہوا۔ اس معاہدے کے تحت بلوچستان کے چاغی ضلع میں تانبے اور سونے کی مشترکہ تلاش کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان صنعتی ترقی اور معدنی وسائل کے بہتر استعمال کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے، ایو ہولڈنگ آر سی ایس (Eve Holding RCS)، جو 2 پوائنٹ زیرو کی ذیلی کمپنی ہے، اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ (FWBL) کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا، جس کے تحت ایو ہولڈنگ آر سی ایس فرسٹ ویمن بینک کے 82.64 فیصد شیئرز حاصل کرے گی۔ یہ معاہدہ حکومتِ پاکستان کے نجکاری پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد مختلف مالیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور معیشت کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

مزید برآں، اے ڈی پورٹس گروپ اور پاکستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے قریب ایک خصوصی اقتصادی زون (SEZ) کا قیام ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا، اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی، جس میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے نمائندے شامل تھے۔ وفد میں 2 پوائنٹ زیرو (انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کا ذیلی ادارہ) کے چیئرمین شیخ زاید بن حمدان بن زاید آل نہیان، ابوظبی کراؤن پرنس کورٹ کے چیئرمین شیخ خلیفہ بن تہنون بن محمد آل نہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی محمد حماد الشمسی، وزیر سرمایہ کاری محمد حسن السویدی، ابوظبی ایگزیکٹو کونسل کے سیکرٹری جنرل سیف سعید غباش، اور ابوظبی میڈیا آفس کی ڈائریکٹر جنرل مریم عید المہیری شامل تھے۔

اس کے علاوہ، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے ڈائریکٹر جنرل برائے سیکورٹی امور غانم السویدی، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی، اتحاد ریل کے سی ای او شادی ملک، اے ڈی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او کیپٹن محمد جمعہ الشامسی، انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شعیب، اور انٹرنیشنل ریسورسز ہولڈنگ (IRH) کے سی ای او علی راشد الراشدی بھی اس وفد کا حصہ تھے۔