متحدہ عرب امارات کا رمضان المبارک کے لیے عالمی انسانی امدادی اقدامات کا آغاز

ابوظہبی، 3 مارچ 2025 (وام) – رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی، متحدہ عرب امارات نے براعظموں پر محیط انسانی امدادی مہمات کا آغاز کر دیا ہے، جو ملک کی عالمی سطح پر سخاوت اور ہمدردی کے مرکز کے طور پر پہچان کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔ یہ اقدامات معاشرتی اور فلاحی شعبوں میں ملک کی گہری جڑیں رکھنے والی روایات کو اجاگر کرتے ہیں۔

ہر سال، متحدہ عرب امارات رمضان المبارک کے موقع پر جدید فلاحی پروگراموں کا آغاز کرتا ہے تاکہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

اس سال کی نمایاں مہمات میں "دی فادرز اینڈومنٹ" شامل ہے، جس کا آغاز نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا ہے۔ یہ مہم 1 ارب درہم کے پائیدار وقف فنڈ کے قیام پر مشتمل ہے، جس کی آمدنی دنیا بھر میں مستحق افراد کو طبی سہولیات اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے وقف کی جائے گی۔

اسی طرح، امارات ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ اس کے رمضان پروگرام 53 ممالک میں 4.5 ملین افراد کو فائدہ پہنچائیں گے، جن پر مجموعی طور پر 31.9 ملین درہم خرچ کیے جائیں گے۔ ان پروگراموں میں افطار دسترخوان، زکوٰۃ الفطر، عید کے کپڑے، رمضان فوڈ باسکٹس اور ہنگامی خوراک کی امداد شامل ہیں، جن کا مقصد مختلف خطوں میں انسانی مشکلات کو کم کرنا ہے۔

زاید بن سلطان النہیان چیریٹیبل اینڈ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن نے بھی اپنے سالانہ رمضان منصوبے "افطار پروجیکٹ" کا آغاز کر دیا ہے، جو 13 سے زائد ممالک میں 4,65,000 افراد کو فائدہ پہنچائے گا۔ ان ممالک میں اردن، مصر، پاکستان، قازقستان، بنگلہ دیش، ملائیشیا، بیلاروس، کوسوو، انڈونیشیا، ایتھوپیا، فلپائن، کوموروس اور برازیل شامل ہیں۔

انٹرنیشنل چیریٹی آرگنائزیشن نے بھی رمضان کے دوران 156 ملین درہم کی انسانی اور ترقیاتی منصوبوں پر مشتمل مہم کا آغاز کیا ہے۔ ان منصوبوں میں افطار دسترخوان، زکوٰۃ الفطر، عید کے کپڑے کے ساتھ ساتھ یتیموں کی کفالت، مساجد کی تعمیر، اور پانی کے کنوؤں کی کھدائی شامل ہیں تاکہ پسماندہ برادریوں کی مدد کی جا سکے۔

راس الخیمہ چیریٹی ایسوسی ایشن نے بھی اپنی رمضان مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس میں زیادہ سے زیادہ مستحقین تک پہنچنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس مہم میں شامل اہم اقدامات میں "ہومز آف گڈنیس" شامل ہے، جو بیرون ملک مستحقین کے لیے گھروں کی تعمیر کے لیے شروع کیا گیا ہے، جس کی لاگت 21,200 درہم فی گھر ہے۔ اسی طرح "مائدت الرحمن ان یور موسک" (رحمت کی دسترخوان) مہم کے تحت مساجد میں افطار کھانے کی تقسیم کی جائے گی، جسے بیرون ملک سے عطیہ دہندگان فنڈ کریں گے۔

اسی طرح، دار البر سوسائٹی نے "آپ کی سخاوت سے نیکی مکمل ہوتی ہے" کے عنوان سے ایک وسیع رمضان مہم شروع کی ہے، جو متحدہ عرب امارات اور 21 دیگر ممالک میں 1.7 ملین افراد کو فائدہ پہنچائے گی، جن میں سے 1.4 ملین مستحقین بیرون ملک موجود ہیں۔

دریں اثنا، شارجہ چیریٹی انٹرنیشنل نے "جُود 2025 رمضان مہم" کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد 1.1 ملین مستحقین کو خوشی فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام میں 10 لاکھ سے زائد افطار دسترخوان کے ساتھ ساتھ پانی کے نیٹ ورکس کی تعمیر، رہائشی کمپلیکس کی ترقی، اور دور دراز علاقوں میں طبی مشنز جیسے عالمی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔