ابوظہبی، 3 مارچ 2025 (وام) – رمضان المبارک کی روحانی اور پرمسرت فضا کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے، ابوظہبی سٹی میونسپلٹی نے شہر کی مختلف شاہراہوں اور پلوں پر تقریباً 4,600لائٹس سے مزین سجاوٹ اور لائٹ اسٹرکچرز نصب کیے ہیں۔ یہ خوبصورت تزئین و آرائش ابوظہبی جزیرے اور اس کے نواحی علاقوں میں کی گئی ہے۔
میونسپل ٹیموں نے ابوظہبی کورنیش، الخلیج العربی اسٹریٹ، شیخ زاید اسٹریٹ، شیخ راشد بن سعید اسٹریٹ، اور کنگ عبداللہ اسٹریٹ سمیت مختلف شاہراہوں پر رمضان سے متعلق دلکش سجاوٹ کی تنصیب مکمل کی ہے۔ اس کے علاوہ متعدد پلوں اور داخلی سڑکوں کو بھی روشن کیا گیا ہے۔
مزید برآں، بیرونی شہروں اور جزیروں میں بھی اہم شاہراہوں پر تزئین و آرائش کے لیے منفرد انداز میں روشنیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جو رمضان کے بابرکت مہینے کی خوشیوں کو دوبالا کر رہی ہیں۔
اس سال، میونسپلٹی نے کچھ نئے آرائشی عناصر متعارف کرائے ہیں، جن میں اسٹریٹ لائٹ پولز کے درمیان معلق روشنیوں کے پردے (Light Curtains) شامل ہیں۔ یہ جھاڑ فانوس کی شکل کے ڈیزائن سفید اور آسمانی نیلی روشنیوں سے منور ہیں، جبکہ ان میں چاند اور ستارے ہلکے پستہ سبز رنگ میں نمایاں کیے گئے ہیں، جو ایک دلکش منظر پیش کر رہے ہیں۔