سالک کمپنی کا 2024 میں 2.3 ارب درہم کا ریونیو، خالص منافع 1.16 ارب درہم تک پہنچ گیا

دبئی، 4 مارچ 2025 (وام) – دبئی کے خصوصی ٹول گیٹ آپریٹر، سالک کمپنی نے مالی سال 2024 کے لیے اپنے مالی نتائج کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق کمپنی کے کل ریونیو میں 8.7 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جو 2.3 ارب درہم تک پہنچ گیا۔

کمپنی کے مطابق، سال بھر کا 'EBITDA' (سود، ٹیکس، فرسودگی اور قرضوں کی ادائیگی سے پہلے کی آمدنی) 1.6 ارب درہم تک پہنچ گیا، جو سالانہ بنیاد پر 13.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے۔

2024 میں، ٹیکس سے پہلے خالص منافع 1.2797 ارب درہم ریکارڈ کیا گیا، جو 16.6 فیصد سالانہ اضافے کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ ٹیکس کے بعد خالص منافع 1.1645 ارب درہم رہا، جو 6.1 فیصد اضافہ ہے۔

کمپنی کی مضبوط سالانہ کارکردگی کے پیش نظر، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2025 کی پہلی ششماہی میں 619.8 ملین درہم (فی شیئر 8.2645 فلس) ڈیویڈنڈ کی تقسیم کی تجویز دی ہے۔ اس کے ساتھ، مالی سال 2024 کے لیے کل ڈیویڈنڈ 1.1645 ارب درہم ہو گیا، جو 2023 کے مقابلے میں 6.1 فیصد زیادہ ہے اور مجموعی طور پر 2024 کے خالص منافع کا 100 فیصد بنتا ہے۔

آپریشنز کے لحاظ سے، سال بھر میں سالک گیٹس سے گزرنے والی کل آمدنی پیدا کرنے والی گاڑیوں کی تعداد 498.1 ملین تک پہنچ گئی، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.0 فیصد زیادہ ہے، جس میں دو نئے ٹول گیٹس کے آغاز کا بھی کردار رہا۔

اس موقع پر سالک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، مِطَر الطائر نے کہاکہ، "سالک نے ایک انتہائی مضبوط سال گزارا ہے، جس میں ریونیو میں مستحکم اضافہ اور ریکارڈ منافع حاصل کیا گیا۔"

انہوں نے مزید کہاکہ، "گزشتہ سال کے دوران، سالک نے دو نئے ٹول گیٹس متعارف کرائے اور کئی اسٹریٹجک شراکت داریوں کا آغاز کیا۔ یہ اقدامات ہماری عالمی سطح پر پائیدار اور اسمارٹ موبیلیٹی حل فراہم کرنے کی خواہش کی عکاسی کرتے ہیں۔"

سالک کے سی ای او، ابراہیم سلطان الحداد نے کہاکہ، “ہم دبئی کی معیشت میں مثبت رجحانات کے حوالے سے پُر امید ہیں، جو ہماری ترقی اور وژن کو سپورٹ کرتے ہیں۔ ہم نے اپنے مالی سال 2025 کے اہداف کو مزید بہتر بنایا ہے اور توقع کرتے ہیں کہ 2024 کے مقابلے میں آمدنی میں 28-29 فیصد اضافہ ہوگا۔”