اوساکا ایکسپو 2025 کا "گرینڈ رنگ" دنیا کا سب سے بڑا لکڑی کا تعمیراتی ڈھانچہ قرار

ٹوکیو، 5 مارچ 2025 (وام) – جاپان کے مغربی شہر اوساکا میں ہونے والی 2025 ورلڈ ایکسپو کے مرکزی مقام پر بنایا گیا عظیم الشان لکڑی کا چھت دار ڈھانچہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں دنیا کے سب سے بڑے لکڑی کے تعمیراتی ڈھانچے کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔

کیوڈو نیوز کے مطابق، "گرینڈ رنگ" جو اس چھ ماہ طویل عالمی ایونٹ کی علامت ہے، کا چھت کا کل رقبہ 61,000 مربع میٹر سے زائد ہے، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی عالمی اتھارٹی نے باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔

اس منفرد تعمیراتی ڈھانچے کے معمار، سوسوکے فوجیموٹو نے ایوارڈ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "وہ امید کرتے ہیں کہ یہ ایکسپو کا علامتی ڈھانچہ دنیا میں اتحاد اور تعلقات کی اہمیت کا پیغام دے گا، جو حالیہ دنوں میں تقسیم کا شکار ہو چکی ہے"۔

یہ 27 فروری کو مکمل کیا گیا تعمیراتی شاہکار "وحدت میں تنوع" کے ایکسپو فلسفے کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ 20 میٹر بلند اور تقریباً 2 کلومیٹر محیط لکڑی کا ڈھانچہ جاپانی صنوبر (cypress) اور دیودار (cedar)، کے علاوہ یورپی ریڈ پائن (European red pines) سمیت 27,000 مکعب میٹر لکڑی سے تیار کیا گیا ہے۔ ایکسپو منتظمین کے مطابق، یہ منفرد ساخت پائیدار اور ماحول دوست تعمیراتی تکنیکوں کی ایک نمایاں مثال ہے۔