برسلز، 5 مارچ 2025 (وام) – یورپی کمیشن نے آج توانائی کی فراہمی کے تحفظ اور یورپی گیس مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے 2027 کے اختتام تک گیس ذخیرہ کرنے کی پابندیوں میں توسیع کی تجویز پیش کی ہے۔
اس کے ساتھ ہی، یورپی کمیشن نے 2025 کے موسمِ گرما کے لیے گیس ذخیرہ کرنے کے عمل میں رکن ممالک کو مزید لچک فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد رکن ممالک کو مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق زیادہ موزوں شرائط پر اپنے ذخائر مکمل کرنے میں مدد دینا ہے۔
آج پیش کی گئی دو سالہ توسیع کی تجویز کے ساتھ ایک سفارش بھی شامل ہے، جس میں رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے قومی ذخیرہ بھرنے کے فیصلوں میں موجودہ مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھیں۔ اس لچکدار طریقہ کار کے ذریعے ممکنہ مارکیٹ بگاڑ (distortions) سے بچنے میں مدد ملے گی۔
یورپی کمشنر برائے توانائی اور ہاؤسنگ، ڈین جیرگنسن نے کہاکہ،"گیس ذخیرہ نے یورپی شہریوں کو سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں سے محفوظ رکھا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس اقدام کو جاری رکھنا ضروری ہے۔ تاہم، رکن ممالک کو گرمیوں کے دوران بہترین حالات میں ذخیرہ مکمل کرنے کے لیے مناسب لچک درکار ہے۔ ہم اس لچک کی سفارش کر رہے ہیں تاکہ مارکیٹ کے موجودہ تناؤ کو کم کیا جا سکے اور بگاڑ سے بچا جا سکے۔"
موجودہ ضابطہ، جو رواں سال کے آخر تک نافذ العمل ہے، پہلے ہی کچھ لچکدار اقدامات فراہم کرتا ہے تاکہ رکن ممالک کو بہتر طریقے سے گیس ذخیرہ کرنے میں سہولت دی جا سکے۔ اس ضابطے کے تحت، رکن ممالک کو ذخیرہ بھرنے کے درمیانی اہداف میں 5 فیصد پوائنٹس کی رعایت دی جاتی ہے، جس سے انہیں اپنی ضروریات کے مطابق ذخیرہ کرنے کی مزید آزادی ملتی ہے۔ مزید برآں، اگر کسی ملک کو تکنیکی مسائل جیسے پائپ لائن کی بندش یا انجیکشن سہولت کی ناکامی کا سامنا ہو، تو اسے 1 نومبر کے بجائے 1 دسمبر تک 90 فیصد ذخیرہ مکمل کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، وہ ممالک جو زیرِ زمین گیس ذخیرہ کرنے کی بڑی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کے لیے ذخیرہ کرنے کی پابندیاں نسبتاً نرم رکھی گئی ہیں۔ اسی طرح، وہ ممالک جہاں ایل این جی (LNG) ذخیرہ کرنے کی نمایاں سہولتیں موجود ہیں، انہیں 1 نومبر کے ہدف میں اس ذخیرے کو شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس سے انہیں مزید لچک میسر آتی ہے۔
یورپی کمیشن کی جانب سے آج جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2022 میں گیس اسٹوریج ریگولیشن کے نفاذ کے بعد یورپ میں گیس کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور مارکیٹ میں عدم استحکام کم ہوا۔