اوپیک فنڈ کی ازبکستان کے زرعی و ماحولیاتی منصوبوں کے لیے 35 ملین ڈالر قرض فراہمی

ویانا، 11 مارچ 2025 (وام) – اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی (اوپیک فنڈ) نے ازبکستان کے اساکا بینک کو 35 ملین امریکی ڈالر کا قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس قرض کا مقصد وسطی ایشیائی ملک میں خوراک کی سلامتی کو مستحکم کرنا اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کے لیے مالی معاونت کو وسعت دینا ہے۔

اوپیک فنڈ کے صدر، عبدالحمید الخلیفة نے ایک بیان میں کہاکہ، "ہماری شراکت داری ازبکستان کے دو کلیدی اہداف خوراک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کی حمایت کرتی ہے۔ زراعت ملک کی معیشت کی بنیاد ہے، اور پائیدار طریقوں میں سرمایہ کاری سے چھوٹے کاشتکاروں کو استحکام اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔"

بیان میں مزید کہا گیا کہ زراعت ازبکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، جو ملک کے جی ڈی پی کا 25 فیصد حصہ رکھتی ہے اور تقریباً ایک چوتھائی افرادی قوت کو روزگار فراہم کرتی ہے۔ تاہم، اس شعبے کو شدید موسمی حالات، پانی کی قلت اور مالی معاونت کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، لہٰذا چھوٹے کاشتکاروں کے لیے مالی معاونت میں اضافہ دور رس فوائد فراہم کر سکتا ہے۔

اوپیک فنڈ کے قرض کو اساکا بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور زرعی صنعتوں کو فراہم کرے گا، تاکہ وہ اپنی ترقی کے لیے ضروری مالی معاونت حاصل کر سکیں۔ اس اقدام کے تحت کسانوں اور دیہی کاروباری اداروں کو اہم خدمات، جدید ٹیکنالوجی، اور بہتر مارکیٹ رسائی حاصل ہوگی، جو زرعی شعبے کی پیداواری صلاحیت اور استحکام کو مضبوط کرے گی۔

اوپیک فنڈ گزشتہ 25 سالوں سے ازبکستان کا شراکت دار رہا ہے اور اب تک 800 ملین امریکی ڈالر کی مجموعی رقم سے تقریباً 30 عوامی و نجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ 2024 میں دستخط کیے گئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت، اوپیک فنڈ ازبکستان کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے کو 2029 تک فروغ دینے کے لیے مزید 500 ملین امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔