دبئی، 12 مارچ، 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کی سنیما انڈسٹری نے 2024 میں غیرمعمولی ترقی کرتے ہوئے 800 ملین درہم کی آمدنی حاصل کی، جو ناظرین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور عالمی فلمی صنعت میں ملک کے اہم مقام کی عکاسی کرتا ہے۔
گزشتہ سال 1,262 فلمیں دکھائی گئیں اور 1.5 کروڑ سے زائد ٹکٹ فروخت کیے گئے، جس نے امارات میں اعلیٰ معیار کی تفریحی سہولتوں پر عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا اور ملک کو جدید فلمی پروڈکشنز کی نمائش کے حوالے سے ایک نمایاں مرکز بنا دیا۔
اسی دوران، ای-گیمنگ انڈسٹری نے 2024 میں 1.5 ارب درہم سے زائد کی آمدنی حاصل کی، جو ویڈیو گیمز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث ممکن ہوا۔ اس شعبے کو منظم بنانے کے لیے، 375 ویڈیو گیمز کا جائزہ لیا گیا اور انہیں متحدہ عرب امارات کے قائم کردہ عمر کے لحاظ سے ریٹنگ سسٹم کے تحت درجہ بندی دی گئی، تاکہ میڈیا قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔
یو اے ای میڈیا کونسل کے سیکریٹری جنرل محمد سعید الشحی نے کہا کہ یہ کامیابیاں فلم اور گیمنگ انڈسٹری میں ملک کی مسابقت کو فروغ دینے اور میڈیا اور تفریحی شعبے میں اس کے کردار کو مستحکم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس ترقی میں کئی عوامل نے کردار ادا کیا، جن میں سنیما میں پیش کیے جانے والے متنوع عالمی مواد کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نےبتایاکہ، "متحدہ عرب امارات میں 20 سے زائد عالمی زبانوں میں فلمیں پیش کی جاتی ہیں، جو ملک کی ثقافتی تنوع کی عکاسی کرتی ہیں اور اسے فلمی صنعت کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرتی ہیں۔"
محمد سعید الشحی نے مزید کہا کہ یو اے ای نے عالمی فلموں کی جلد نمائش کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے آپ کو ایک ایسے مارکیٹ کے طور پر متعارف کرایا ہے، جہاں ناظرین بڑی عالمی مارکیٹوں کے ساتھ بیک وقت بین الاقوامی فلمیں دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یو اے ای میڈیا کونسل فلموں اور ویڈیو گیمز کی درجہ بندی کے لیے میڈیا مواد کی سخت نگرانی کرتی ہے، تاکہ مختلف عمر کے افراد کے لیے موزوں مواد فراہم کیا جا سکے۔ اس اقدام سے خاندانوں کو اپنے بچوں کے لیے مناسب تفریحی مواد کا انتخاب کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور ملک میں سینما اور گیمنگ کے شعبے میں عوامی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارات کی جدید بنیادی سہولتیں، کاروباری طریقہ کار میں آسانیاں اور لچکدار ریگولیٹری نظام نے اسے میڈیا انڈسٹری کے لیے ایک اہم سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا ہے۔
یو اے ای میڈیا کونسل مسابقتی ماحول کو بڑھانے، پالیسیوں کو اپ ڈیٹ کرنے، اسٹریٹجک شراکت داریوں کے آغاز، اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے فلم اور گیمنگ سیکٹر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ تمام اقدامات متحدہ عرب امارات کو عالمی سطح پر میڈیا مواد تخلیق کے سب سے اہم مراکز میں شامل کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔