حدرموت میں اماراتی ہلالِ احمر کا "عید لباس" منصوبہ، ضرورت مند بچوں اور خاندانوں کے لیے تحفہ

المکلا، 19 مارچ 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کے ہلالِ احمر نے یمن کے شہر المکلا، حدرموت گورنری میں اپنا سالانہ فلاحی منصوبہ شروع کر دیا ہے، جس کے تحت خصوصی ضرورت مند بچوں، یتیموں اور نادار خاندانوں میں عید کے لباس تقسیم کیے جائیں گے۔

یہ اقدام حدرموت میں امارات کی جاری انسانی ہمدردی کی کاوشوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد مقامی شہریوں کی مشکلات کم کرنا اور ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا ہے۔ یہ منصوبہ ماہِ رمضان کے اختتام تک جاری رہے گا۔

ہلالِ احمر کے حدرموت میں نمائندہ اور ترقی و بین الاقوامی تعاون کے مشیر، حامد راشد الشامسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ، "ہمیں خوشی ہے کہ ہم حدرموت میں 'عید لباس' منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں، جو امارات کے مسلسل فلاحی اقدامات کا ایک حصہ ہے۔ اس کا مقصد مستحق خاندانوں کی مدد کرنا اور عید الفطر کے موقع پر ان میں خوشیاں بانٹنا ہے۔"

الشامسی نے وضاحت کی کہ اس منصوبے کے تحت 7,525 مستحق افراد کو عید کے لباس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 1,075 شاپنگ واؤچرز تقسیم کیے جائیں گے، ہر ایک واؤچر کی مالیت 200 درہم ہے، جنہیں حدرموت کے مختلف تجارتی مراکز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ اقدام خاندانوں کے مالی بوجھ کو کم کرنے اور مستحق افراد کے دلوں میں خوشیاں بسانے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔