ابوظہبی، 20 مارچ، 2025 (وام) — رمضان المبارک کی روحانی فضاؤں اور سماجی ذمے داری کے جذبے کے تحت، ابوظہبی کے محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے تحت کام کرنے والا ادارہ ’’ابوظہبی موبیلیٹی‘‘ (انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر) نے شیخ زاید گرینڈ مسجد کے زائرین کے لیے خصوصی سفری سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدامات خاص طور پر تراویح اور رمضان کے آخری عشرے میں قیام اللیل کے اوقات کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسجد کو ’’الربدان‘‘ علاقے میں واقع بس انٹرچینج سے جوڑنے کے لیے 10 مفت بسیں چلائی جائیں گی، تاکہ زائرین باحفاظت اور باآسانی مسجد تک پہنچ سکیں۔
ٹریفک کی نگرانی کے لیے سڑکوں اور سگنلوں پر جدید ڈیجیٹل کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو رش اور ہنگامی صورتحال کی فوری نشاندہی کر کے فوری کارروائی کو ممکن بناتے ہیں۔
زائرین کی رہنمائی کے لیے موبائل الیکٹرانک سائن بورڈز بھی نصب کیے گئے ہیں جو پارکنگ کے مقامات کی نشان دہی کرتے ہیں، جبکہ فکسڈ ویری ایبل میسج سائنز پر بھی رہنمائی پیغامات جاری کیے جا رہے ہیں۔
مسجد کے آس پاس ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے انسپکٹرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ سڑکوں پر سروس پیٹرولز اور گاڑیوں کو ہٹانے والی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی حادثے یا رکاوٹ کی صورت میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔
ٹیکسی خدمات کے حوالے سے، رمضان المبارک کے دوران یومیہ 100 ٹیکسیاں مسجد کے زائرین کے لیے مختص کی گئی ہیں، جبکہ آخری عشرے میں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ٹیکسیوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
ابوظہبی موبیلیٹی نے کہا ہے کہ وہ جدید اور مؤثر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ شہریوں اور زائرین کو ہر موقع پر محفوظ، آرام دہ اور منظم سفر فراہم کیا جا سکے۔