ابوظہبی، 24 مارچ، 2025 (وام) – ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب نے ابوظہبی اسپورٹس کونسل کی حمایت سے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ 2025 سے 2029 تک کے لیے ہے، جس کے تحت ابوظہبی متحدہ عرب امارات میں افغان ٹیم کے تربیتی کیمپوں اور انڈر-19 اور اے ٹیم کی تمام بین الاقوامی سیریز اور ٹورنامنٹس کا میزبان ہو گا۔
معاہدے کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ امارات کرکٹ بورڈ کے تعاون سے متحدہ عرب امارات کے مختلف اسٹیڈیمز میں سینئر ٹیم کی دو طرفہ سیریز کا انعقاد جاری رکھے گا۔ اس شراکت داری کا مقصد نہ صرف نوجوان افغان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے بلکہ افغانستان میں کرکٹ کے فروغ کو بھی مزید تقویت دینا ہے۔
معاہدے کے تحت افغان کرکٹ بورڈ کو بین الاقوامی سطح پر اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
یہ معاہدہ ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب کے سی ای او میٹ بوچر اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او نصیب خان کے درمیان دستخط کیا گیا، جس کی تقریب میں ابوظبی اسپورٹس کونسل کے سیکریٹری جنرل عارف العوانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر عارف العوانی نے کہاکہ، ’’ہمیں افغان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ یہ معاہدہ افغانستان میں کرکٹ کے نظام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہم ابوظہبی میں مختلف عالمی ٹورنامنٹس، پروگرامز اور تربیتی کیمپس کی میزبانی پر بھی فخر محسوس کرتے ہیں، جہاں عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔‘‘