'مصدر' نے اسپین میں شمسی توانائی کے منصوبوں میں 49.99 فیصد حصص خریدے

میڈرڈ، 24 مارچ، 2025 (وام) -- متحدہ عرب امارات کی معروف صاف توانائی کمپنی، ابوظہبی فیوچر انرجی کمپنی (مصدر) نے اسپین کی توانائی کمپنی 'اندیسا' کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت مصدر اسپین کے چار شمسی توانائی منصوبوں میں 49.99 فیصد حصہ حاصل کرے گی۔ ان منصوبوں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 446 میگا واٹ ہے۔

یہ معاہدہ متعلقہ اداروں کی منظوری اور دیگر شرائط سے مشروط ہے۔ مصدر ان منصوبوں میں تقریباً 702 ملین درہم (184 ملین یورو) کی سرمایہ کاری کرے گی، جب کہ ان اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.4 ارب درہم (368 ملین یورو) ہے۔

یہ معاہدہ نہ صرف مصدر کی یورپ خصوصاً آئیبیریا خطے میں ترقی کی جانب اہم قدم ہے، بلکہ اس سے یورپ کے صاف توانائی کے اہداف میں تعاون بھی مضبوط ہو گا۔ اس سے قبل، مصدر اور اندیسا کے درمیان 2 گیگاواٹ کے شمسی منصوبوں اور 0.5 گیگاواٹ بیٹری اسٹوریج پر شراکت داری کا معاہدہ طے پایا تھا، جو اسپین کی حالیہ تاریخ کے بڑے قابل تجدید توانائی منصوبوں میں شامل ہے۔

مصدر کے سی ای او محمد جمیل الرماہی نے کہاکہ، "یہ سرمایہ کاری یورپ کے کاربن سے پاک توانائی کے اہداف میں تعاون کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ اس سے ہمارے یورپ میں بڑھتے ہوئے منصوبوں کو وسعت ملے گی اور اسپین و دیگر ممالک میں نئے مواقع کھلیں گے۔"

'انیل گروپ' کے سی ای او فلاویو کاتانیو نے کہاکہ، "مصدر کے ساتھ یہ شراکت داری ہماری اس پالیسی کی توثیق ہے کہ ہم بین الاقوامی صنعتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر توانائی کی منتقلی کو تیز کریں۔"

مصدر اس وقت اسپین اور پرتگال میں 745 میگا واٹ کے ونڈ پاور منصوبے اور 1.6 گیگا واٹ کے ترقیاتی منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس نئی سرمایہ کاری سے کمپنی کی مجموعی آپریشنل صلاحیت 3.2 گیگا واٹ تک پہنچ گئی ہے۔

مصدر نے یورپی یونین کے 2050 تک نیٹ زیرو کاربن اہداف میں تعاون کا عزم ظاہر کیا ہے۔ گزشتہ ماہ مصدر اور انیل گروپ نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جس کے تحت اٹلی، اسپین اور جرمنی میں صاف توانائی کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔