یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تجارتی کشیدگی پر کار ساز اداروں کی تشویش

برسلز، 3 اپریل 2025 (وام) — یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی نے یورپی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں میں روزگار، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی سے متعلق خدشات پیدا کر دیے ہیں۔

یورپی آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (ACEA) کی ڈائریکٹر جنرل سگریڈ ڈی وریز نے کہاکہ، "ہم دنیا بھر میں تجارتی کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا شکار ہیں۔ یورپی کار ساز کمپنیاں امریکہ میں نہ صرف سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ وہاں کی معیشت میں بھی اہم حصہ ڈال رہی ہیں۔ وہ امریکہ میں آٹو سیکٹر میں تقریباً پانچ لاکھ ملازمتوں کا ذریعہ ہیں، 2024 میں 7.5 لاکھ سے زائد گاڑیاں امریکہ کو برآمد کی گئیں، اور مقامی کمیونٹیز میں خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاری بھی کر رہی ہیں۔"

انہوں نے مزید کہاکہ، "ہم اپنے رہنماؤں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ملاقات کریں تاکہ تاریخی اتحادیوں کے درمیان آزاد اور منصفانہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا حل تلاش کیا جا سکے، اور یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تعلقات دوبارہ فروغ پا سکیں۔"