ابوظہبی، 29 اپریل، 2025 (وام) --AD پورٹس گروپ نے پائیدار ترقی اور ماحول دوست آپریشنز کے فروغ کے عزم کے تحت ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے جس کا عنوان، "عرب خلیج میں مونگے کی منتقلی: فوائد، خطرات اور عملی ماہرین و فیصلہ سازوں کے لیے بہترین طریقہ کار کی سفارشات" ہے۔
یہ رپورٹ AD پورٹس گروپ اور نیو یارک یونیورسٹی ابوظبی (NYUAD) کے باہمی تعاون سے تین سالہ کورل (مونگے) تحفظ اور تحقیقاتی منصوبے کی تکمیل کے بعد جاری کی گئی ہے۔ اس منصوبے میں دنیا بھر سے مونگے کی منتقلی سے متعلق کیس اسٹڈیز کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا، تاکہ عرب خلیج کے منفرد سمندری ماحول کے لیے موزوں حکمتِ عملیاں وضع کی جا سکیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مونگے کی چٹانیں متحدہ عرب امارات کے سب سے زیادہ حیاتیاتی تنوع رکھنے والے قدرتی مساکن میں شامل ہیں، اور ان کی حفاظت، نیز بوقتِ ضرورت محفوظ طریقے سے منتقلی، AD پورٹس گروپ کی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ ابوظبی کے ساحلی و سمندری ماحول کو محفوظ رکھا جا سکے۔
رپورٹ میں کورل ٹرانسپلانٹیشن کے منصوبوں کی منصوبہ بندی، نفاذ اور نگرانی سے متعلق بین الاقوامی معیار کے مطابق رہنما اصول شامل کیے گئے ہیں، جو عرب خلیج میں قدرتی تحفظ کے اقدامات کے لیے اہم حوالہ ثابت ہوں گے۔
AD پورٹس گروپ میں سینئر نائب صدر برائے انوویشن ایمان الخلاقی نے کہا کہ،"یہ رپورٹ ہمارے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم 2071 تک ماحولیاتی اور موسمیاتی قیادت کے قومی اہداف کے حصول کے لیے پائیدار طریقے اپنائیں۔ یہ مطالعہ ہمارے ساحلی ترقیاتی منصوبوں میں قدرتی تنوع کے تحفظ کو مرکزی حیثیت دیتا ہے۔"
نیو یارک یونیورسٹی ابوظبی کے حیاتیات کے پروفیسر ڈاکٹر جان برٹ کے مطابق یہ رپورٹ تین سال کی جامع تحقیق، منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی اشتراک کی عکاسی کرتی ہے۔ اس پروگرام کے نتائج مستقبل کے ماحولیاتی منصوبوں کے لیے رہنما اصول فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہاکہ، "AD پورٹس گروپ کے ساتھ اشتراک اور اس رپورٹ کی اشاعت ماحولیاتی استحکام میں تعلیمی اور صنعتی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جو مقامی اور علاقائی سطح پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔"