ابوظہبی، 29 اپریل، 2025 (وام) -- ادنوک ڈسٹری بیوشن نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی نے مسلسل دوسرے سال سود، ٹیکس، فرسودگی اور کمی (EBITDA) سے پہلے کی آمدنی میں ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد حاصل کی ہے، جو اس کی مستحکم آپریٹنگ بنیادوں اور شیئر ہولڈرز کے لیے مستحکم منافع کی فراہمی کو ظاہر کرتا ہے۔
ادنوک ڈسٹری بیوشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدر سعید اللمکی نے اماراتی خبر رساں ایجنسی (وام) سے گفتگو میں کہا کہ کمپنی کا ہدف سرمایہ کاری پر 6 فیصد سے زائد منافع حاصل کرنا ہے، اور اس کی مالی حیثیت اسے نئی منڈیوں میں سرمایہ کاری کے قابل بناتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے 2019 میں ابوظبی سیکیورٹیز ایکسچینج میں فہرست بندی کے بعد سے نمایاں ترقی کی ہے اور اب سعودی عرب اور مصر جیسے علاقائی منڈیوں میں بھی اپنی موجودگی قائم کر چکی ہے۔
ادنوک ڈسٹری بیوشن اس وقت مجموعی طور پر 900 سروس اسٹیشنز چلا رہی ہے اور 2028 تک ان کی تعداد کو 1,000 تک پہنچانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سی ای او بدر اللمکی نے بتایا کہ کمپنی ایندھن کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات میں بھی بہتری لا رہی ہے، جن میں "ادنوک اویسس" کنوینینس اسٹورز، کار واش، اور گاڑیوں کے معائنے کے مراکز شامل ہیں۔ "سال برادری" مہم کے تحت شاپنگ مالز میں بھی نئے معائنہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
پائیدار سفری ذرائع کی جانب پیش رفت کے ضمن میں اللمکی نے کہا کہ کمپنی اس وقت متحدہ عرب امارات میں تقریباً 200 الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹس چلا رہی ہے، اور ان کی تعداد 2028 تک بڑھا کر 500 ہائی پاور چارجنگ پوائنٹس تک لے جائی جائے گی۔ یہ چارجنگ سسٹمز ملک کے تیز ترین نظاموں میں شمار ہوتے ہیں، جو صرف چند منٹوں میں گاڑی کی بیٹری 20 سے 80 فیصد تک چارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ادنوک ڈسٹری بیوشن صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ "ادنوک ایپ" کے استعمال پر بھی زور دے رہی ہے، جو گھریلو ڈیلیوری سمیت دیگر جدید سہولیات فراہم کرتی ہے۔ اس میں اماراتی پلیٹ فارم "نون" کے ساتھ شراکت داری بھی شامل ہے۔
اللمکی نے بتایا کہ کمپنی اس وقت تین بڑی منڈیوں — متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور مصر — میں سرگرم عمل ہے۔ سعودی عرب میں کمپنی کے 100، جبکہ مصر میں 244 سروس اسٹیشنز فعال ہیں۔ مصر میں توسیع کے تحت کمپنی نے چکناہٹ والے تیل (لبریکنٹس) کی تیاری کا عمل بھی شروع کر دیا ہے، جو خطے میں توانائی کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کے مطابق ایک اہم پیش رفت ہے۔