ابوظہبی، 29 اپریل، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج قصر البحر، ابوظہبی میں بیہیویئرل ایکسچینج 'BX2025' کانفرنس کے شرکاء کا استقبال کیا۔ یہ کانفرنس دفتر برائے ترقیاتی امور کے زیر اہتمام 30 اپریل سے یکم مئی 2025 تک نیو یارک یونیورسٹی ابوظبی میں منعقد ہو رہی ہے، جس کا عنوان، "رویہ جاتی سائنس میں نئی جہتیں" ہے۔
صدر مملکت نے کانفرنس کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کانفرنس کے کلیدی موضوعات پر ہونے والے مباحثوں اور علمی تبادلوں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس میں پیش کی جانے والی تجاویز اور افکار دنیا بھر میں سماجی ترقی کے لیے مثبت طرزِ عمل کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔
شیخ محمد بن زاید نے اس بات پر زور دیا کہ سماجی شرکت، تعاون اور مثبت رویے کسی بھی ترقیاتی پروگرام کی کامیابی کے بنیادی ستون ہیں، خصوصاً تعلیم، صحت، ماحولیاتی تحفظ، اور پائیدار ترقی جیسے اہم شعبوں میں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات اپنے معاشرے میں مثبت طرزِ عمل کے فروغ کو قومی ترقیاتی حکمت عملی کا ایک کلیدی جزو سمجھتا ہے، اور اس ویژن کے تحت عالمی سطح پر دیرپا ترقی کی کوششوں کی قیادت کرتا رہے گا۔
کانفرنس میں شریک بین الاقوامی ماہرین، محققین اور وفود نے صدر مملکت کا پرتپاک خیرمقدم اور اس عالمی علمی اجلاس کی میزبانی پر امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، اور ملک کی ہمہ جہتی ترقی و عالمی سطح پر اس کے فعال کردار کو سراہا۔