شیخ عبداللہ بن زاید اور اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 29 اپریل، 2025 (وام) —متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔

گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے امارات اور پاکستان کے درمیان قائم اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان تعلقات کو باہمی مفادات اور دونوں اقوام کی بہتری کے لیے مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کی متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشروں کے امن، استحکام، اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ایسے منفی عناصر کی روک تھام ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام، اور کشیدگی سے پاک ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔

اماراتی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ سفارت کاری اور مکالمہ ہی تمام بحرانوں کے پرامن حل تک پہنچنے کا بہترین ذریعہ ہیں، جو اقوام کی خوشحالی اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔

انہوں نے اس امر کا بھی اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تنازعات کے پرامن حل اور ان کے انسانی اثرات کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔