اسلام آباد، 29 اپریل، 2025 (وام) — متحدہ عرب امارات اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان قونصلر امور میں تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ قونصلر کمیٹی کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے عوام کے مفادات کا تحفظ اور قونصلر خدمات کو مؤثر بنانا تھا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ میں اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے قونصلر امور فیصل عیسیٰ لطفی اور پاکستان کی وزارت خارجہ میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری شہریار اکبر خان نے کی۔
اجلاس میں مختلف قونصلر امور، فالو اپ میکانزم، اور قونصلر تعاون کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ایسی قونصلر خدمات فراہم کرنے پر زور دیا جو شہریوں کی ضروریات، توقعات اور سہولت سے ہم آہنگ ہوں اور اماراتی و پاکستانی کمیونٹی کو بروقت اور معیاری خدمات میسر آئیں۔
فیصل عیسیٰ لطفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے لیے امارات کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمت اماراتی قیادت کی ان ہدایات سے ہم آہنگ ہے جن کے تحت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا اور وسیع شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ترجیحی حیثیت رکھتا ہے۔
فیصل لطفی نے مفاہمت کی یادداشت کو قونصلر تعلقات کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ قونصلر کمیٹی کا قیام خدمات کی کارکردگی، معیار اور جامعیت کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کے مفادات کا تحفظ، پائیدار ترقی کے اہداف کی حمایت، اور دونوں ممالک میں خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امارات اور پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی تاریخی بنیاد پر قائم ہیں، جن کے باعث سیاسی، اقتصادی، سماجی اور قونصلر شعبوں میں ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری فروغ پا رہی ہے۔