ابوظہبی، 29 اپریل، 2025 (وام) --ابوظہبی کمرشل بینک (ADCB) نے 2025 کی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بینک نے ٹیکس سے قبل منافع میں سالانہ 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے، جو بڑھ کر 2.907 ارب درہم تک پہنچ گیا۔ ٹیکس کے بعد خالص منافع 2.446 ارب درہم رہا، جیسا کہ بینک کی جانب سے منگل کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بینک کی خالص سود آمدنی میں 3 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جو 3.394 ارب درہم رہی، جبکہ غیر سود آمدنی میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 1.619 ارب درہم تک پہنچ گئی۔ اس کے نتیجے میں بینک کی مجموعی آپریٹنگ آمدنی سالانہ 9 فیصد کے اضافے کے ساتھ 5.013 ارب درہم رہی۔
بینک کے کل اثاثہ جات میں بھی 14 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا، جو بڑھ کر 680 ارب درہم تک پہنچ گئے، جبکہ خالص قرضوں میں 13 فیصد کا اضافہ ہوا، جس سے یہ 359 ارب درہم کی سطح پر پہنچ گئے۔
بینک نے بتایا کہ صارفین کی جمع شدہ رقوم (ڈپازٹس) میں بھی 15 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو بڑھ کر 442 ارب درہم ہو گئیں۔ یہ اضافہ بالخصوص کرنٹ اور سیونگ اکاؤنٹس (CASA) کے مضبوط بہاؤ کے باعث ممکن ہوا، جو مجموعی ڈپازٹس کے 45 فیصد حصے پر مشتمل ہیں۔